سدھارتھ ملہوترا نے عالیہ بھٹ سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
ایسی لڑکی کی تلاش میں ہوں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ سگھڑ بھی ہو؛سدھارتھ ملہوترا؛فوٹوفائل

ایسی لڑکی کی تلاش میں ہوں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ سگھڑ بھی ہو؛سدھارتھ ملہوترا؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے کئی برسوں سے جاری دوستی کے بعد اب عالیہ بھٹ سے اپنا قریبی تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘‘سے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والے اداکار سدھارتھ ملہوترا اورعالیہ بھٹ  کی کیمیسٹری فلم میں خوب پسند کی گئی تھی، دونوں کے درمیان دوستی کا آغاز شوٹنگ کے دوران ہی ہوگیا تھا وقت کے ساتھ یہ دوستی مزید گہری ہوتی چلی گئی یہاں تک کہ دونوں کئی مواقعوں پر ایک ساتھ دیکھے گئے، دونوں اداکاروں نے کبھی بھی اپنے رشتے کو میڈیا سے چھپانے کی کوشش نہیں کی تاہم اب سدھارتھ ملہوترا نے اپنے اور عالیہ کے درمیان تعلق ختم ہونے کا اشارہ دے دیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سدھارتھ اچھادوست اور اس سے ذہنی ہم اہنگی ہے،عالیہ بھٹ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے شو ’’نوفلٹر‘‘ کے دوران سدھارتھ ملہوترا سے ان کی نجی زندگی کے بارے میں سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا ان کی زندگی میں کوئی لڑکی موجود ہے جس کے جواب میں سدھارتھ نے انکار کرتے  ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں کوئی لڑکی موجود نہیں ہے فی الحال وہ سنگل ہیں ، سدھارتھ کے اس جواب پر نیہا دھوپیا حیران رہ گئیں کیونکہ گزشتہ کافی عرصے سے میڈیا پر سدھارتھ اور عالیہ کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کررہی ہیں یہاں تک کہ عالیہ بھٹ سدھارتھ ملہوترا کے والدین سے بھی ملاقات کرچکی ہیں، صرف یہ ہی نہیں سدھارتھ ملہوترا نے مزید کہا کہ وہ انٹرنیٹ پر اپنے لیے ایک ساتھی کی تلاش میں ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسی لڑکی کی تلاش میں ہیں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ گھر کے کاموں میں بھی ماہرہو۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کا پہلی بار سدھارت ملہوترا سے قریبی تعلق کا اعتراف

واضح رہے کہ عالیہ اور سدھارتھ کے درمیان علیحدگی کی خبریں پہلے بھی کئی بار منظرعام پر آچکی ہیں، تاہم دونوں کی جانب سے ان خبروں کی کبھی تصدیق نہیں کی گئی، لیکن حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں سدھارتھ نے سنگل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اور عالیہ کے درمیان تعلقات کے خاتمے پر مہر ثبت کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔