مصر میں اخوان المسلمون کے سابق سربراہ کا دوران حراست انتقال

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 ستمبر 2017
عدالت نے مہدی عاکف کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ فوٹو: فائل

عدالت نے مہدی عاکف کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ فوٹو: فائل

قاہرہ: مصر میں اخوان المسلمون کے سابق سربراہ محمد مہدی عاکف دوران حراست انتقال کرگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مصر میں اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد مہدی عاکف 89 سال کی عمر میں دوران حراست انتقال کرگئے۔ ان کے اہل خانہ نے سرکاری اہلکاروں پر مہدی عاکف پر تشدد اور طبی سہولت فراہم نہ کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا 10 ماہ سے کینسر کا علاج کیا جارہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اخوان المسلمون

محمد مہدی عاکف 2004 سے 2010 تک مصر میں اخوان المسلمون کے سربراہ رہے۔ 3 جولائی 2013 کو آرمی چیف جنرل عبدالفتاح سیسی نے اخوان سے تعلق رکھنے والے صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر اخوان کے رہنماؤں و کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہوئی جن میں محمد مہدی عاکف بھی شامل تھے۔ عدالت نے انہیں ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی جب کہ جیل میں انہیں ضعیف العمری کے باوجود مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اخوان المسلمون کے سربراہ سمیت 36 کارکنان کی سزائے موت منسوخ

مہدی عاکف نے زندگی کے 26 سال جیل میں ہی گزارے۔ پہلی بار انہیں 1954 میں مصر کے آمر جمال عبدالناصر پر ناکام قاتلانہ حملے کے بعد قید کی سزا ہوئی جب کہ وہ عمر کے آخری ایام میں کینسر سمیت مختلف امراض کا بھی شکار ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔