میٹرک بورڈ نہم جماعت سائنس گروپ ریگولر کی مارکس شیٹس جاری کردیں

جماعت نہم سائنس ریگولر کے طلبا7نومبر سے 13دسمبرتک اپنے اسکروٹنی فارم جمع کراسکتے ہیں۔


Staff Reporter November 07, 2017
جماعت نہم سائنس ریگولر کے طلبا7نومبر سے 13دسمبرتک اپنے اسکروٹنی فارم جمع کراسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سال 2017کے سکینڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون (جماعت نہم) سائنس گروپ ریگولر کی مارکس شیٹس جاری کردی ہیں۔

چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس میں پہلی منزل بلاک بی کانفرنس ہال سے مارکس شیٹ حاصل کر سکتے ہیں، اسکولوں کے سربراہان ہدایت دی جاتی ہے کہ مارکس شیٹس حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر طلبہ و طالبات کو دیدی جائیں ، شکایت ملنے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق7نومبر کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد،8نومبر کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، صدر، 9نومبرکو ملیر، بن قاسم، لانڈھی، کورنگی اور 10 نومبر کو لیاری، کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اورنگی ٹاؤن،گڈاپ مارکس شیٹس حاصل کر سکیں گے۔ بعد ازاں جماعت نہم سائنس ریگولر کے طلبا7نومبر سے 13دسمبرتک اپنے اسکروٹنی فارم جمع کراسکتے ہیں۔