کسی جعلی سیاستدان کو ٹکٹ نہیں دیں گے عمران خان

نگراں وزیراعظم غیر سیاسی ہونا چاہیے، دونوں فیملی لمیٹڈ پارٹیاں اپنی نئی نسل آگے لا رہی ہیں.


Numainda Express March 06, 2013
نگراں وزیراعظم غیر سیاسی ہونا چاہیے، دونوں فیملی لمیٹڈ پارٹیاں اپنی نئی نسل آگے لا رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِاعظم غیر سیاسی ہونا چاہیے۔

تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں اکیلے حصہ لے گی اور ملک بھر میں کلین سوئپ کریگی۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی فیملی لمیٹڈ پارٹیاںہیں جو اب اپنی نئی نسل آگے لا رہی ہیں۔ تحریک انصاف 23مارچ کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریگی، کراچی، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں لوگ مر رہے ہیں، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ ہم آئندہ انتخابات میں کسی جعلی سیاستدان کو ٹکٹ نہیں دیں گے۔

10

منگل کو عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں ایبٹ آباد،حویلیاں، ہری پور ودیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چیئرمین اس شخص کو بنایا گیا جسے اردو بولنا نہیں آتی، وہ عوامی مسائل کیا خاک سمجھے گا۔ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان 5 برسوں سے نورا کشتی جاری ہے اور اب آئندہ الیکشن میں کامیابی کیلیے دونوں جماعتیں مک مکا کرنے کی پلاننگ کر رہی ہیں لیکن عوام ان کی اصلیت سے واقف ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر ملک سے مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، غربت، افراتفری اور فرقہ واریت کا خاتمہ، پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بحال کرینگے اور ملک کو امریکی جنگ اور غلامی سے نکالیں گے۔