پی سی بی نے 7 امپائرز کو ایک سالہ کنٹریکٹ سے نواز دیا

سینئرز احسن رضا،شوذب رضا اور احمد شہاب کو 95ہزار ماہانہ دیے جائیں گے


Sports Reporter November 10, 2017
ریجنل کرکٹرز تاحال بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم اور میچ فیس پانے کے منتظر۔ فوٹو : فائل

پی سی بی نے 7امپائرز کو ایک سالہ کنٹریکٹ سے نواز دیا۔

پی سی بی نے 7امپائرز کو معاہدوں سے نواز دیا جن میں احسن رضا، شوذب رضا اور احمد شہاب کو 95ہزار، خالد محمود، آصف یعقوب، ضمیر حیدر اور راشد ریاض کو 50ہزار ماہانہ ملیں گے، میچ ریفری انیس شیخ کو بھی ہر ماہ 50ہزار روپے حاصل ہوںگے، یہ معاوضے یکم جولائی سے آئندہ سال 30جون تک ادا کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ احمد شہاب، خالد محمود،آصف یعقوب، راشد ریاض اور انیس شیخ اس وقت پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے مابین شارجہ میں جاری سیریز میں ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں،اس بار کنٹریکٹ سے محروم رہ جانے والے امپائر ریاض الدین بی پی ایل میچزسپروائز کرنے میں مصروف ہیں۔

دریں اثناء پی سی بی کی جانب سے 8ریجنز کے 160کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے۔ اے کیٹیگری میں25، بی 20اور سی میں 15ہزار ماہانہ دیے جانے تھے، قائد اعظم ٹرافی کے 7راؤنڈ مکمل ہونے کے باوجود بیشتر کھلاڑی تاحال سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم اور میچ فیس پانے کے منتظر ہیں۔

اس حوالے سے پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے پانے والے کئی کھلاڑیوں کے دستخط ہونا باقی ہیں،ریجنز کی طرف سے نامزد کرکٹرز کو ادائیگیوں کیلیے ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ گزشتہ مہینوں کے واجبات اکٹھے ادا کرتے ہوئے آئندہ ماہانہ ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ میچ فیس عام طور پر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے اختتام پر دی جاتی ہے،ایونٹ کے دوران اکٹھے کیے جانے والے ریکارڈ کے بنیاد پر ہی واجبات کا تعین کرنے کے بعد رقم جاری کردی جاتی ہے، کارروائی مکمل ہونے کے ساتھ ہی جن کرکٹرز کا جو حق بنتا ہے ضرور دیا جائے گا۔