شاہ رخ خان کو ٹوئٹر پر اپنے مضمون کے خلاف کڑی تنقید پر اپنا اکاؤنٹ ہی بند کرنا پڑا

مجھے ٹوئٹر پر ایک دوسرے کے مذہب کے خلاف برداشت کی کمی کا سامنا کرنا پڑا جو کہ افسوسناک ہے، شاہ رخ خان


ویب ڈیسک March 06, 2013
میں نے سوچا تھا کہ انٹرنیٹ اور سوشل نیٹ ورکنگ کے ذریعے ہم تنگ نظری کو ختم کر پائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، شاہ رخ خان فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شاہ رخ خان نے حال ہی میں نیویارک ٹائمز میں لکھے گئے اپنے ایک مضمون کے خلاف ٹوئٹر پر کڑی تنقید کے بعد اپنا اکاؤنٹ ہی بند کردیا ہے۔

ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے سے پہلے شاہ رخ خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ''مجھے ٹوئٹر پر ایک دوسرے کے مذہب کے خلاف برداشت کی کمی کا سامنا کرنا پڑا جو کہ افسوسناک ہے، میں نے سوچا تھا کہ انٹرنیٹ اور سوشل نیٹ ورکنگ کے زریعے ہم تنگ نظری کو ختم کر پائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا''۔

شاہ رخ خان کے ایک دوست نے ایک بھارتی اخبار کو بتایا کہ ٹوئٹر پر نفرت آمیز ریمارکس کا نشانہ بنائے جانے کے بعد دلبرداشتہ ہو کر انہوں نے ٹوئٹر کو مزید استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل عامر خان کو بھی ٹوئٹر پر اسی طرح کے تنگ نظر رویے کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث انہوں نے گزشتہ 6 ماہ سے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال نہیں کیا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے نیو یارک ٹائمز میں ایک مضمون تحریر کیا تھا جس میں انہوں نے مسلمان ہونے کے ناطے بھارت میں خود کو پیش آنے والی مشکلات اور ان سے جاری امتیازی سلوک کا تذکرہ کیا تھا۔ اس مضمون کے بعد شاہ رخ خان کو بھارت میں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔