شاباش کراچی پولیس کمسن طالبہ نیہا کے قاتل پکڑے گئے

مقتولہ کی سوتیلی خالہ شمع،شاہداورفیصل گرفتار،واقعہ خاندانی رنجش ہے،قتل کودوسرارنگ دینے کیلیے بچی سے زیادتی کی گئی


Staff Reporter September 28, 2013
نیہا کو گلا گھونٹ کرقتل کیاگیا،لاش سمندرپرپھینک دی گئی،ذرائع ۔ فوٹو : منور اے خان / ایکسپریس

پولیس نے عزیز آباد میں نوعمر طالبہ کے اغوا اور قتل کرنے کے الزام میں خاتون سمیت 3 ملزمان کا سراغ لگاکرانھیں حراست میں لے لیا ۔

جن کی گرفتاری (آج) باضابطہ پریس کانفرنس میں ظاہرکی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو اور ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کی سخت محنت اور جدوجہد نے نوعمر طالبہ نیہا کے اغوا اور قتل میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں حراست میں لے لیا ، زون ویسٹ کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ حراست میں لیے جانیوالوں سے جب تفتیش کی گئی تو اغوا اور قتل کا معمہ حل ہوتا گیا اور پولیس ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ، پولیس افسر کے مطابق بچی کا اغوا خاندانی رنجش ہے جبکہ اغوا اور قتل کودوسرا رنگ دینے کے لیے بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی اورگلا گھونٹ کراسے قتل کرنے کے بعد لاش ساحل سمندر کے قریب پھینک دی گئی ۔



پولیس افسر کے مطابق خاتون مقتولہ کی رشتے دار ہے اور مقتولہ کی والدہ کی سوتیلی بہن بتائی جاتی ہے اور ان میں گھر فروخت کرنے کاتنازع تھا جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کوکوئٹہ سے گرفتار کیا گیا ہے اس حوالے سے ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو سے رابطہ کیاگیاتو انھوں نے بھی ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید تفصیلات پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی تاہم انھوں نے بتایا کہ لڑکی اغوا اور قتل کے بعد انھیں صرف ایک ہی دھن سوار تھی کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایاجائے اور اس میں وہ کامیاب ہوگئے ۔

انھوں نے ملزمان کی گرفتاری پولیس کی مشترکہ کاوشیں ہیں اور وہ ویسٹ زون پولیس کی اس کامیابی پربہت خوش ہیں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کی جانے والی خاتون کو نام شمع جبکہ ایک ملزم کا نام فیصل بتایا جاتا ہے۔واضح رہے لاہور میں کمسن بچی کے اغوا اور اس کے ساتھ درندگی کرنیوالے ملزمان کا لاہور پولیس 2 ہفتے گزر جانے کے باوجود سراغ لگانے میں ناکام رہی جبکہ کراچی پولیس نے دن رات ایک کر کے ملزمان کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا ۔

مقبول خبریں