حریم شاہ کا پاکستان چھوڑ کر کینیڈا منتقل ہونے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جنوری 2020
کسی کی دھمکیوں میں آنے والی نہیں ہوں اور نہ ہی کسی سے ڈرتی ہوں، حریم شاہ فوٹوفائل

کسی کی دھمکیوں میں آنے والی نہیں ہوں اور نہ ہی کسی سے ڈرتی ہوں، حریم شاہ فوٹوفائل

کراچی: متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر کینیڈا منتقل ہورہی ہیں۔

سیاستدانوں کے ساتھ متنازع ویڈیوز شیئر کرنے کے حوالے شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے گزشتہ 2 ماہ سے پاکستانی سیاست میں ہلچل مچائی ہوئی ہے۔ حریم شاہ نے پاکستانی میڈیا کی توجہ اس وقت حاصل کی جب ان کی دفتر خارجہ میں گھومنے پھرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’’عالمہ سے ٹک ٹاک اسٹارتک‘‘ حریم شاہ کے والد کی متنازع ویڈیوزپرمعافی

لیکن شیخ رشید کے ساتھ حریم شاہ کی لائیو کال کی ویڈیو نے پاکستان میں ہنگامہ مچادیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بھی حریم شاہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ سیاسی وزرا کے ساتھ اسکینڈل کے باعث حریم شاہ پاکستان کی متنازع ترین خاتون بن چکی ہیں یہاں تک کہ انہیں دوسری قندیل بلوچ کہا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید میرے بہنوئی ہیں، حریم شاہ

حال ہی میں حریم شاہ نے ایک  ویب سائٹ کو دئیے جانے والے انٹرویو میں بتایا کہ وہ کسی کی دھمکیوں میں آنے والی نہیں  اور نہ ہی کسی سے ڈرتی ہیں۔ میزبان کی جانب سے پوچھنے پر کہ آپ اور آپ کی دوست صندل خٹک اس وقت پاکستان میں ہی ہیں جس پر حریم شاہ نے کہا اس وقت ہم دونوں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہم پی ٹی آئی کے ورکر ہیں تو ویڈیوز بھی ان ہی کے ساتھ بناتے ہیں، حریم شاہ

حریم شاہ نے مزید کہا کہ میں نے کینیڈا کی شہریت کے لیے درخواست دی  ہے اور میں اب کینیڈا کی شہریت لے رہی ہوں۔ میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ کیا آپ ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑ رہی ہیں کے جواب میں حریم شاہ نے کہا پاکستان ہمارا وطن ہے ہم ضرور آئیں گے لیکن ہمیں بہت سے کام نمٹانے ہیں جس کے بعد اپنے وطن کا رخ کریں گے۔

انٹرویو کے دوران حریم شاہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حریم شاہ ان کا اصل نام نہیں ہے بلکہ ان کا اصل نام کچھ اور ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔