شاہ رخ خان نے’’پدماوت‘‘ کیوں ٹھکرائی

ویب ڈیسک  جمعرات 25 جنوری 2018
سنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ خان کو ’’پدماوت‘‘کیلئے 40 سے 50 کروڑ کی پیشکش کی تھی؛ فوٹوفائل

سنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ خان کو ’’پدماوت‘‘کیلئے 40 سے 50 کروڑ کی پیشکش کی تھی؛ فوٹوفائل

نئی دلی: بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ کی متنازعہ ترین فلم ’’پدماوت‘‘میں مرکزی کردار کے لیے اداکار شاہد کپور سے پہلے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کانام فائنل کیا گیا تھا لیکن شاہ رخ خان نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوت‘‘بے شمار تناعات اور رکاوٹوں کے بعد بالآخر ریلیز ہو ہی گئی ہے فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی، رنویر سنگھ نے علاؤ الدین خلجی اور شاہد کپور نے راجہ راول رتن سنگھ  کا  کردار اداکیا ہے تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی  فلم میں شاہد کپور کے کردار کے لیے شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھےجس کے لیے انہوں نے کنگ خان سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن شاہ رخ خان فلم کے معاوضے سے مطمئن نہیں تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پدماوت، بھارتی سپریم کورٹ کا نیا حکم

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ کو راجہ راول رتن سنگھ کے کردار کے لیے 40 سے 50 کروڑ معاوضے کی پیشکش کی تھی لیکن شاہ رخ خان نے اس رول کے لیے اپنی فیس میں دوگنا اضافہ کرتے ہوئے 90 کروڑ کا مطالبہ کیا تھا جو سنجے لیلا بھنسالی کی حد سے باہر تھا۔ شاہ رخ خان کے منع کرنے کے بعد بہت دنوں تک بھنسالی کسی اور اداکار کو اس کردار کے لیے فائنل نہیں کرسکے پھر ان کی نظر شاہد کپور پر آکر ٹہری اور انہوں نے اسکرپٹ میں معمولی تبدیلیاں کرکے اس کردار کی پیشکش شاہد کپور کو کی اور حیرت انگیز طور پر شاہد اس کردار کے لیے 10 کروڑ کے معاوضے پر راضی ہوگئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان نے ایشوریا رائے کی وجہ سے پدماوتی چھوڑی

دوسری جانب بھارتی سنسر بورڈ کی جانب سے ’’پدماوت‘‘کو 25 جنوری کو ریلیز کی اجازت ملنے کے باوجود پورے بھارت میں فلم کی اسکریننگ کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں جب کہ بھارت کی چار بڑی ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات اور بہار اس کے علاوہ گووامیں بھی فلم کی ریلیز پر پابندی عائد ہے۔ جب کہ گزشتہ شام  گڑگاؤں میں مشتعل مظاہرین نے اسکول بس پر حملہ کرکے بس کو شدید نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد گڑگاؤں اور نوئیڈا میں سات اسکولوں نے آج تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ بھارت کے متعدد شہروں میں بھی ’’پدماوت‘‘کے خلاف مظاہروں اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ جن ریاستوں میں ’’پدماوت‘‘ آج ریلیز کی جارہی ہے وہاں سینماؤں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ سینما ہال کے باہر پولیس اور سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’گھومر‘ تبدیلی کے بعد دوبارہ ریلیز

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔