فلم ’’پدماوت‘‘ پر بھارتی سپریم کورٹ نے نیا حکم جاری کردیا

ویب ڈیسک  منگل 23 جنوری 2018
تمام ریاستوں کو اس حکم کی تعمیل کرنا ہوگی، عدالتی حکم ؛ فوٹو - فائل

تمام ریاستوں کو اس حکم کی تعمیل کرنا ہوگی، عدالتی حکم ؛ فوٹو - فائل

ممبئی: سپریم کورٹ نے بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور راجستھان کی حکومتوں کی جانب سے فلم ’’پدماوت‘‘ پر پابندی عائد کی جانے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ فلم پر کوئی پابندی نہیں لگے گی۔

بالی ووڈ کی تاریخ کی متنازعہ ترین فلم ’’پدماوت‘‘ تمام تر رکاوٹوں اور دھمکیوں کے بعد اگلے دوروز میں بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کردی جائے گی تاہم گزشتہ روز بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور راجستھان کی حکومتوں نے سپریم کورٹ میں فلم کی 25 جنوری کو ریلیز رکوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے آج سپریم کورٹ نےحکم جاری کیا ہے کہ’’پدماوت‘‘ اپنے مقررہ وقت پر ہی ریلیز ہوگی اور تمام ریاستوں کو اس حکم کی تعمیل کرنی ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم ’پدماوت‘ کا گیت ’گھومر‘ تبدیلی کے بعد دوبارہ ریلیز

چیف جسٹس دیپک مشرا کا کہنا تھا کہ فلم میں تاریخی حقائق کو مسخ نہیں کیا گیا البتہ ریاستیں لوگوں کو فلم نہ دیکھنے کی صلاح دے سکتی ہیں۔ دوسری جانب جسٹس چندرچور نے ہندوانتہاپسند جماعت کرنی سینا کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے مشکلات کھڑی کرتے ہیں اور پھرعدالت آجاتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جہاں فلم کو بھارت کی تمام ریاستوں میں ریلیز کی اجازت مل گئی ہے، وہیں فلم کی ریلیز کو لے کر مختلف شہروں میں توڑ پھوڑ کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہندوانتہا پسندوں نے اسکول پرحملہ کردیا

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ کی فلم’’پدماوت‘‘ چند تبدیلیوں کے بعد 25 جنوری کو ریلیزکی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔