فلم ’’پدماوت‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز 18 کروڑ کمالیے

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جنوری 2018
بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش فلم کو ’’ماسٹر پیس ‘‘قرار دے چکے ہیں؛ فوٹوفائل

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش فلم کو ’’ماسٹر پیس ‘‘قرار دے چکے ہیں؛ فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کی تاریخ کی متنازعہ ترین فلم ’’پدماوت‘‘نے ہندو انتہا پسندوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر دھوم مچادی۔

بے شمار تنازعات، دھمکیوں اور احتجاج کے بعد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’’پدماوت‘‘بالآخر گزشتہ روز بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی، اس موقعے پر ہندو راجپوتوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والی جماعت کرنی سینا نے کل اور آج ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد مظاہرے کیے، توڑ پھوڑ کی، بسوں اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا، سڑکوں پر ٹائر جلائے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور فلمی شائقین کو سینما گھروں تک پہنچنے سے روکنےکی بھرپور کوشش کی لیکن اس کے باوجود دپیکا پڈوکون  اور سنجے لیلا بھنسالی کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان سے اپنی محبت کا ثبوت دیتے ہوئے سینما گھر پہنچی اورفلم ریلیز کے پہلے روز اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’پدماوت‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی آگ لگادی

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ’’پدماوت‘‘ کی ریلیز سے دو روز قبل ہی ٹویٹر پر فلم کو ’’ماسٹر پیس‘‘ قرار دے دیا تھا۔

فلمی تجزیہ نگار رامیش بالا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ35 فیصد اسکرینز پر ریلیز نہ ہونے کے باوجود ’’پدماوت‘‘ریلیز کے پہلے روز بھارت میں 18 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ رامیش بالا نے فلم کے بیرون ملک بزنس کے حوالےسے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پدماوت‘‘بیرون ممالک بھی اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، ریلیز کے پہلے روز فلم نے امریکا اور کینیڈا میں تقریباً2 کروڑ کمائے جب کہ آسٹریلیا میں ایک کروڑ80 لاکھ اور متحدہ عرب امارات میں 2 کروڑ40 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر فلم پورے بھارت میں ریلیز کی جاتی تو پہلے دن کا بزنس تقریباً 30 کروڑ روپے ہوتا۔ متعدد ریاستوں میں پابندی کے بعد فلم کو لگ بھگ 10 سے 12 کروڑ کا نقصان ہواہے۔ تاہم اگلے 15 دنوں تک کوئی اورفلم ریلیز نہیں ہورہی لہٰذا اس بات کا فائدہ ’’پدماوت‘‘کو ملے گااور فلم نقصان پورا کرلے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم ’’ پدماوت ‘‘ کی پاکستان میں نمائش

واضح رہے کہ فلم مخالف تنظیم نے ’’پدماوت‘‘کی ریلیز کے بعد انتقاماً سنجے لیلا بھنسالی کی ماں پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جس کانام ’’لیلا کی لیلا‘‘رکھا جائے گا، جب کہ ایک اور انتہا پسند جماعت براجمنڈل کشتریا راجپوت مہاسبھا نے سنجے لیلا بھنسالی کا سر قلم کرنے والے شخص کے لئے فوری طور پر 51 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔