محکمہ تعلیم کی نااہلی میٹرک اورانٹر کا امتحانی شیڈول طے نہ ہوسکا

اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں غیرضروری تاخیرہورہی ہے وزیرتعلیم اجلاس بلائیں، تعلیمی بورڈزکی کمیٹی کے سربراہ کاخط


Safdar Rizvi February 07, 2018
 اجلاس کی صدارت وزیرتعلیم کرتے ہیں،اجلاس میں امتحانی شیڈول اورسالانہ تعطیلات کے علاوہ اہم فیصلے کیے جاتے ہیں فوٹو: فائل

KARACHI: صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس نہ ہونے کے سبب سندھ میں میٹرک اورانٹرکے امتحانات کے آغاز کی تاریخ اورشیڈول کامعاملہ الجھ گیااورصوبے کے سرکاری تعلیمی بورڈزکے نمائندہ فورم نے کمیٹی کے اجلاس کے عدم انعقادکے سبب میٹرک اورانٹرکے امتحانات کے شیڈول میں تاخیرپرمحکمہ تعلیم سندھ سے تحریری رابطہ کرلیاہے۔

سندھ کے تعلیمی بورڈزکے چیئرمین کی کمیٹی(سی اوسی) کے سربراہ اورچیئرمین میٹرک بورڈ کراچی نے وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب حسین ڈہرسے اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس فوری بلانے کی سفارش کردی ہے وزیرتعلیم سندھ کواپنے لکھے گئے خط میں چیئرمین میٹرک بورڈ اورتعلیمی بورڈزکے چیئرمینوں کی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرسعید الدین نے اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس نہ بلائے جانے کوغیرضروری تاخیرقراردیتے ہوئے کہاہے کہ وہ وزیرتعلیم سندھ کی توجہ اس جانب مبذول کراناچاہتے ہیں تاکہ فوری طورپرسندھ میں میٹرک اورانٹرکے سالانہ امتحانات 2018کے شیڈول اورسالانہ تعطیلات پربات ہوسکے خط میں کہاگیاہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس گزشتہ برسوں میں دسمبرمیں ہی منعقدکیاجاتارہاہے۔

تاہم اس باراجلاس کے انعقاد میں غیرضروری تاخیرہوگئی ہے اورفروری کامہینہ شروع ہونے کے باوجود اجلاس منعقدنہیں ہوسکاہے خط میں وزیرتعلیم سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے ضروری احکام جاری کریں تاکہ اجلاس کاانعقادہوسکے واضح رہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی میں سندھ میں نویں سے بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات کے آغاز کی تاریخوں اورموسم سرماوگرما سمیت دیگرسالانہ تعطیلات کے علاوہ ضروری اوراہم فیصلے کیے جاتے ہیں۔

اس اجلاس کی صدارت خود وزیرتعلیم کرتے ہیں جبکہ سیکریٹریزتعلیم(اسکول وکالج) کے علاوہ دیگرتعلیمی افسران، تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزاورنجی اسکولوں کی ایسوسی ایشنزکے نمائندے، سرکاری جامعات کے رجسٹرارودیگر اسٹیک ہولڈرزاس اجلاس میں شریک ہوتے ہیں جس میں سندھ میں تعلیمی کلینڈرکی منظوری دی جاتی ہے تاہم نئے سال کے دوسرے مہینے میں بھی یہ اجلاس نہیں ہوسکاہے۔

مقبول خبریں