چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری عمر کی حد کی پابندی ختم

60 امیدواروں کوانٹرویولیٹرز جاری، ایڈوائزرکے ذاتی ای میل ایڈریس پرشکوک وشبہات


Safdar Rizvi April 13, 2018
 ڈاکٹرمختارکاآج آخری روز، قائم مقام چیئرمین کیلیے3 ناموںکی سمری وزیراعظم کوارسال۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اعلیٰ تعلیمی کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری کے سلسلے میں قائم تلاش کمیٹی نے وزارت تعلیم کی من مانی کومستردکرتے ہوئے امیدواروں کے لیے عمرکی حد ختم کردی ہے۔

اعلیٰ تعلیمی کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری کے سلسلے میں قائم تلاش کمیٹی اوروفاقی وزارت تعلیم پیشہ ورانہ تربیت کے درمیان امیدواروں کی عمرکی حد کے معاملے پراختلافات سامنے آئے ہیں اورامیدواروں کی جانب سے وزیراعظم سے مداخلت کرنے کی اپیل کے بعد تلاش کمیٹی نے وزارت تعلیم کی من مانی کومستردکرتے ہوئے امیدواروں کے لیے عمرکی حد ختم کردی ہے جس کے بعددرخواستوں کی اسکروٹنی کرتے ہوئے 60سے زائد امیدواروں کو ایچ ای سی کے چیئرمین کے عہدے کے لیے انٹرویولیٹرجاری کردیے گئے۔

انٹرویوکے شیڈول میں مزیدایک روزکااضافہ کرتے ہوئے امیدواروں کو17سے 19اپریل تک بلایاگیاہے صرف ان امیدواروں کوانٹرویوسے باہررکھاگیاہے جوپی ایچ ڈی نہیں ہیں تاہم دوسری الیکشن کمیشن کی جانب سے یکم اپریل سے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے جاری نوٹیفکیشن کے سبب ابہام پیداہوگیاہے تاہم تلاش کمیٹی نے فی الحال شیڈول انٹرویوملتوی نہیں کیے ہیں۔

نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر تلاش کمیٹی کے ایک رکن نے''ایکسپریس''کوبتایاکہ فی الحال متعلقہ وزارت یا وزیراعظم کے دفترکی جانب سے تلاش کمیٹی کو انٹرویوملتوی کرنے کے حوالے سے کوئی ''ایڈوائس'' موصول نہیں ہوئی لہٰذا انٹرویوشیڈول کے مطابق ہی لینے کافیصلہ کیاگیاہے۔

چیئرمین ایچ ای سی کے لیے کراچی سے ایک امیدوارطاہررشیدنے تلاش کمیٹی کولکھے گئے اپنے ایک خط میں وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت پر الزام عائد کیاہے کہ وزارت کے کچھ افسران تقرری کے عمل میں جانبداری سے کام لے رہے ہیں لہٰذاتقرری کوغیرجانبداراور شفاف رکھنے کے لیے متعلقہ افسران کواس عمل سے دوررکھا جائے۔

بتایاجارہاہے کہ ایچ ای سی کے چیئرمین کی تقرری کے لیے امیدواروں کوجوخطوط جاری کیے گئے ہیں اس میں وفاقی وزارت تعلیم کے افسر نے متعلقہ ''منسٹری''کاکوئی ای میل ایڈریس دینے کے بجائے جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر رفیق طاہرنے اپنا ذاتی ای میل ایڈریس دیتے ہوئے امیدواروں سے اسی ای میل پر رابطے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد امیدواروں کے اذہان میں شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں اورامیدواروں کوخطرہ ہے کہ ان کے تجربے اور تعلیم سے متعلق تفصیلات تلاش کمیٹی تک نہیں پہنچ سکیں گی۔

واضح رہے کہ کراچی کے ایک امیدوارکی جانب سے یہ خط تلاش کمیٹی کے کنوینرسیدبابرعلی اوراراکین ڈاکٹر سونیانشتر، ڈاکٹرفیصل باری، شہناوزیرعلی اورمرزاقمربیگ کولکھاگیاہے۔

یادرہے کہ موجودہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرمختاراحمد کی مدت ملازمت کاآج آخری روزہے اوراسی اثنا میں وزیراعظم کوقائم مقام چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کی منظوری دینی ہے جس کے لیے 3 ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم کوبھجوادی گئی ہے ان 3 ناموں میں ایگزیکٹوڈائریکٹرایچ ای سی ڈاکٹرارشدعلی، سیکریٹری وفاقی وزارت تعلیم اکبردرانی اورسیکریٹری وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں