ویمنز فٹبال امریکا نے گولڈ میڈلزجیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی

فائنل میں جاپان کو2-1سے مات دے کرورلڈکپ فائنل کی شکست کاحساب چکتا کر دیا


Sports Desk/AFP August 11, 2012
فائنل میں جاپان کو2-1سے مات دے کرورلڈکپ فائنل کی شکست کاحساب چکتا کر دیا . فوٹو اے ایف پی

امریکا نے لندن اولمپکس ویمنز فٹبال ایونٹ میں گولڈ میڈلز جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، فاتح ٹیم نے فائنل میں جاپان کو 2-1 سے مات دے کر گذشتہ برس کے ورلڈکپ فائنل کی شکست کا بھی حساب چکتا کر دیا، مذکورہ میچ میں پنالٹی کک ضائع کرنے والی کارلی لائیڈ اس مرتبہ2 بار گیند کو جال کی راہ دکھا کرسابقہ غلطی کا ازالہ کرنے میں کامیاب رہیں،

1996 میں اولمپکس میں ویمنز فٹبال کی شمولیت کے بعد یہ5 گیمز میں امریکا کا چوتھا طلائی تمغہ ہے، جاپانی ٹیم ورلڈکپ اور اولمپکس ٹائٹل ایک ساتھ پانے کی خواہش پوری نہ کر سکی۔80203 شائقین کے سامنے فیصلہ کن معرکے کا آغاز تیزی سے ہوا، ایلکس مورگن نے ابتدا میں ہی زوردار حملہ کیا جسے جاپانی گول کیپر نے ناکام بنایا، آٹھویں منٹ میں ایلکس کے ہی پاس پر کارلی نے ٹیم کا پہلا گول کر دیا،

کچھ دیر بعد جاپانی ازوسا اواشیموزو نے اپنی ٹیم کا خسارہ دگنا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، ہیڈر کے ذریعے گیند کلیئر کرنے کی کوشش میں انھوں نے اسے اپنے ہی گولڈ پوسٹ کے پاس پہنچا دیا تاہم خوش قسمتی سے گول نہ ہو سکا،پہلے ہاف میں جاپان کو مقابلہ برابر کرنے کی حسرت ہی رہی، وقفے کے بعد بھی امریکا نے حریف کو دبائو میں رکھا اور54 ویں منٹ میں کارلی لائیڈ نے انفرادی کوشش سے ٹیم کا دوسرا گول داغ دیا،

جاپان نے بھی کوششیں جاری رکھیں، آخرکار 63 ویں منٹ میں یوکی اوگیمی ٹیم کا پہلا گول بنانے میںکامیاب رہیں، اس کے بعد گیند نے جال کا رخ نہ کیا اور مقابلے کا اختتام امریکا کی ٹائٹل فتح پر ہوا۔ دریں اثنا تاریخ ساز فتح پر امریکی صدر بارک اوباما نے بھی ویمنز فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔