ہر سیاحتی مقام کو اپنے سوئٹر پر بُن کر سیر کرنے والا امریکی

ویب ڈیسک  اتوار 13 مئ 2018
سیم ہر سیاحتی مقام کا سویٹر پہن کر وہاں جاتے ہیں (فوٹو: بشکریہ ایم ایس این)

سیم ہر سیاحتی مقام کا سویٹر پہن کر وہاں جاتے ہیں (فوٹو: بشکریہ ایم ایس این)

میری لینڈ: امریکا کے ایک دلچسپ شخص سے ملیے جو کسی بھی سیاحتی مقام پر جانے سے پہلے اس کا منظر اپنے ہاتھوں سے سوئٹر پر بُنتے ہیں اور پھر وہی سویٹر پہن کر اس مقام پر جاتے ہیں۔

انہیں لندن برج کی سیر کرنی ہے تو پہلے وہ اس مقام کو سویٹر پر بنتے ہیں اور اسے پہن کر وہاں پہنچ کر ایک یادگار تصویر ضرور کھنچواتے ہیں۔

سیم بارسکی اس حوالے سے خاصے مشہور ہوچکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ’ میں اس جگہ جانے سے پہلے وہاں کے منظر کو سویٹر پر پہن کر محسوس کرنا چاہتا ہوں، اب اس عادت کو 19 سال ہوچکے ہیں اور میرے پاس سیاحتی مقام اور اس جیسے سویٹر کی سیکڑوں تصاویر جمع ہوچکی ہیں‘۔

سیم بارسکی انسٹا گرام پر بھی غیرمعمولی طور پر مشہور ہیں اور ان کے 30 ہزار مداح ان کی تصاویر اور محنت دیکھ کر حیران ہیں۔ ان تصاویر میں میکسیکو کے ریگستان سے لے کر میری لینڈ کے لاما شامل ہیں جن کا منظر ان کے سویٹر سے مشابہہ ہے۔

سیم دنیا کی بہترین ڈور سے اب تک 120 سویٹر بُن چکے ہیں جو ہر اس مقام کو ظاہر کرتے ہیں جہاں وہ سیاحت کے لیے جاچکے ہیں۔ ایک سویٹر بنانے میں انہیں ایک ماہ کا عرصہ لگتا ہے اور اس وقت کو جوڑا جائے تو کئی سال بنتے ہیں۔ تاہم بعض سویٹر بھی ایسے ہیں جو تیار پڑے ہیں لیکن انہیں پہن کر سیم اس جگہ اب تک نہیں گئے۔ اب وہ امریکی ریاست کولاراڈو کے پرفضا مقامات کا سویٹر بنارہے ہیں اور اگلے ماہ وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔