کرپشن الزامات ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے بیرون ملک سفر پر پابندی

ملائیشیا میں مہاتیر محمد کی انتخابات میں کامیابی کے بعد کرپشن مقدمات پر تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے


ویب ڈیسک May 12, 2018
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو کرپشن کے مقدمات کا سامنا ہے۔ فوٹو : فائل

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ روسماہ منصور کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹر امیگریشن نے ملک کے تمام ایئرپورٹس کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔ سابق وزیراعظم نجیب اور ان کی اہلیہ کو کرپشن مقدمات کا سامنا ہے۔

سابق وزیراعظم نجیب رزاق نے سفری پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے مجھے اور اہل خانہ کو بلیک لسٹ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ میں ملکی قوانین کا احترام کروں گا اور سرکار کے اگلے حکم تک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک سفر نہیں کروں گا اور ملک ہی میں قیام پذیر رہوں گا۔

واضح رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ پُرتعیش طرز زندگی، برانڈڈ چیزوں کے استعمال اور بیرون ملک مہنگی شاپنگ کے لیے شہرت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی عوامی مقبولیت کو شدید دھچکا پہنچا اور ان کے اتحادی حالیہ انتخاب میں ناکام ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں