’عہدِ رمضان‘

قیصر افتخار  بدھ 16 مئ 2018
عمران عباس اورجویریہ سعود کی میزبانی میں ’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ کی خصوصی نشریات۔ فوٹو: ایکسپریس

عمران عباس اورجویریہ سعود کی میزبانی میں ’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ کی خصوصی نشریات۔ فوٹو: ایکسپریس

’ ہر خبر پر نظر ‘ رکھنے والے عوام کے پسندیدہ میڈیا گروپ ’’ایکسپریس ‘‘کی ہمیشہ ہی یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان اوربیرون ممالک بسنے والے ناظرین کومذہبی اورقومی تہواروں کی مناسبت سے ایسے پروگرام دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے، جودوسروں سے مختلف ہونے کے ساتھ معلوماتی بھی ہوں۔

خاص طور پرنوجوانوں اوربچوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے ’ایکسپریس‘ پرپیش کئے جانے والے خصوصی پروگرام اپنی مثال آپ ہیں۔ ہمیشہ سے ہی ’ ایکسپریس میڈیا گروپ ‘ کا یہ ’ طرئہ امتیاز‘ رہا  ہے۔ اس سال بھی ’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ دنیا بھرمیں بسنے والے مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کی خصوصی نشریات ’عہد رمضان ‘ کے نام سے پیش کرنے جا رہا ہے۔

یکم رمضان سے شروع ہونے والی خصوصی نشریات آخری رمضان تک جاری رہے گی۔ جس کیلئے ان دنوں اس منفردنشریات کی تیاریاں عروج  پرہیں۔ ایک طرف ماہ رمضان کی نشریات کا خوبصورت سیٹ ڈیزائن کیا جا رہا ہے تودوسری جانب علماء کرام، نعت خواں اور مذہبی سکالرز کو’عہد رمضان‘ میں مدعو کرنے کا شیڈول ترتیب ہورہا ہے۔

یہی نہیں خصوصی نشریات کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس کرتے دکھائی دینگے، جواپنے فنی سفرکے دوران پہلی مرتبہ کسی بھی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ان کے ساتھ بہترین اداکارہ، نعت خواں اور ’ایکسپریس انٹرٹینمنٹ‘ کے مارننگ شوکی میزبان جویریہ سعود ہونگی، جوکسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔ جس طرح وہ اپنے خوبصورت انداز میں ’ایکسپریس انٹرٹینمنٹ‘ پرمارننگ شوسے لوگوں کی صبح کوخوشگوار بناتی ہیں، اسی طرح وہ ماہ رمضان کی خصوصی نشریات، جوافطارکے وقت پیش کی جائے گی، اس کوبھی یادگاربنانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔

’عہد رمضان‘ میں ممتاز علمائے کرام روزہ کا مقصد، افادیت اوراس کے ثواب کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی، معاشرتی، اقتصادی موضوعات پردینی اعتبار سے گفتگوکرنے کے علاوہ اپنے ناظرین کو زندگی کے اہم معاملات میں مثالی اورکامیاب زندگی گزارنے بارے اپنی گفتگوکے ذریعے آگاہ کریںگے۔ اس دوران خصوصی اورمنفرد نشریات میں بیشمار سیگمنٹ شامل ہونگے۔

’ عہدرمضان‘ کی نشریات کا آغاز تلاوت کلام مجید  اور حمدباری تعالیٰ سے کیا جائے گا۔ اسماء حسنیٰ کے تیس منفرد اورمنتخب ناموں کو ہردن کا موضوع قراردیا جائے گا۔ یعنی تیس روزوں تک اسماء الحسنیٰ کا انتخاب کرکے علمائے کرام  صفات باری تعالیٰ کی اہمیت اورفضائل کوبیان کرینگے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ کویہ اعزاز بھی مل رہا ہے کہ اس نشریات میں پاکستان کے معروف ثناء خوانوں کوخراج تحسین پیش کیا جائے  گا۔ ان میں مرحوم مظفروارثی، خورشید احمد، امجد صابری، جنید جمشید، منیبہ شیخ  کے علاوہ  قاری وحید ظفرقاسمی، صدیقی اسماعیل اورفصیح الدین سہروردی سمیت دیگرشامل ہونگے۔ خصوصی نشریات کے دوران ثناء خواں اورمختلف  شعبہ جات کے مہمان ان عظیم ثناء خوانوں کی خدمات پرگفتگوکرینگے اورنعتیں بھی پیش کرینگے۔

’عہد رمضان‘ میں مہمانوںکی اعلیٰ تواضع کیسے کی جائے کہ حوالے سے ایک سیگمنٹ کچن کا ہوگا۔ جس میں میزبان اورمہمان مل کرمختلف کھانوں کی ترکیب بتانے اورپکانے تک ناظرین کے دل موہ لینگے۔ اس  کے علاوہ عہد رمضان میں چھوٹے چھوٹے ننھے منے بچوں سے ہلکے پھلکے واقعات پرمبنی میٹھی میٹھی باتیں بھی ہونگی۔

اس حوالے سے ’’ ایکسپریس ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے اداکاروماڈل عمران عباس نے کہا کہ یہ میرے لئے بہت خوش قسمتی کی بات ہے کہ میں پہلی مرتبہ ماہ رمضان میں بطورمیزبان  شرکت کرونگا۔ یہ ’ ایکسپریس میڈیا گروپ ‘کی پروفیشنل ٹیم کی ہی ایک کاوش ہے، جس کیلئے انہوں نے مجھے رضامند کیا۔

واقعی میں اس ٹرانسمیشن کے آغاز سے پہلے ہی بہت پرجوش ہوں۔ کیونکہ اس پروگرام کو  جس طرح سے ترتیب دیا جا رہا ہے، وہ ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔ ہم نے افطارکے وقت جہاں ناظرین کی معلومات کیلئے معروف علماء کرام، مذہبی سکالرز کی خدمات حاصل کی ہیں، وہیں ہم نے پاکستان کے عظیم نعت خوانوںکو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی سلسلہ شروع کیا ہے، جوکہ میرے نزدیک بہت اہم ہے۔ کیونکہ ہماری نوجوان نسل بہت سے نعت خوانوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتی، حالانکہ ان لوگوں کی بہت سی خدمات ہیں۔

ہم ان کے حوالے سے خصوصی گفتگوکرنے کے علاوہ ان کی نعتیں بھی پیش کرینگے۔ اس کے علاوہ میں خود بھی پہلی مرتبہ باقاعدہ نعت خوانی کرتا دکھائی دونگا۔ جہاں تک بات لوگوں کی جانب سے اس سوال کواٹھانے کی ہے کہ ایک فنکارکس طرح سے مذہبی پروگرام کا حصہ بن سکتا ہے، تومیں بس اتنا ہی کہوں گا کہ میں بطورمیزبان اس پروگرام کا حصہ بنوں گا،  نہ کہ میں دین اسلام کے حوالے سے لوگوںکو مشورے دونگا۔ یہ کام توعلماء کرام کا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران عباس نے کہا کہ پہلی مرتبہ ’ایکسپریس‘کے ساتھ کام کررہا ہوں اورابھی تک مجھے بہت مزہ آرہا ہے۔ کیونکہ سب لوگ بہت ہی پرفیشنل ہیں ، جس کی وجہ سے نشریات کا تجربہ بہتررہے گا۔

اداکارہ ومیزبان جویریہ سعود نے کہا کہ ’عہد رمضان‘ کی میزبانی کی ذمہ داری کسی بڑے اعزازسے کم نہیں ہے۔ کیونکہ ماہ رمضان کی اس نشریات میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ علماء کرام جس طرح روزے کی اہمیت  اوراس کا مقصد بیان کرتے ہیں، اس سے ناظرین کے ساتھ میری بھی معلومات میں بہت اضافہ ہوگا۔ جہاں تک بات خصوصی نشریات کی ہے تواس میں مختلف سیگمنٹ ضرورہونگے لیکن یہ قطعی گیم شو نہیں ہوگی۔

ہم لوگوں کو اس پروگرام کے ذریعے دین کے حوالے سے اچھی اورجامع معلومات فراہم کرینگے۔ اس کے علاوہ ہمارا ٹارگٹ نوجوان نسل اوربچے ہیں ، جن کوایجوکیٹ کرنا ہماری اولین ترجیح ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسرا موقع ہے کہ میں ’ ایکسپریس میڈیا گروپ ‘ کی رمضان ٹرانسمیشن کرنے جارہی ہوں۔ جس کیلئے میں ایکسپریس کی پوری ٹیم کی شکرگزارہوں، جنہوں نے مجھے اس قابل سمجھا اورمیرے کام کوسراہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران عباس ایک بہترین اداکار ہیں لیکن ان کے ساتھ پہلی بار بطورمیزبان کام کرونگی۔ مجھے امید ہے کہ ہمارا یہ تجربہ اچھارہے گا اورناظرین ہمارے کام کوسراہیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔