فہد اور مہوش کی فلم ’ لوڈ ویڈنگ ‘ کا ٹیزر جاری

ویب ڈیسک  بدھ 27 جون 2018
فلم "لوڈ ویڈنگ" رواں سال عید الضحیٰ کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

فلم "لوڈ ویڈنگ" رواں سال عید الضحیٰ کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ اور اداکارہ مہوش حیات کی طنز و مزاح سے بھرپور فلم “لوڈ ویڈنگ” کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ 

پاکستان میں فلمی شائقین کو نامعلوم افراد سیریز اور ایکٹر ان لاء جیسی کامیاب فلمیں دینے والے ڈائریکٹر نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا کی جوڑی ایک اور فلم کے ساتھ دھماکا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی نئی فلم “لوڈ ویڈنگ” میں بھی پچھلی دونوں کامیاب فلموں کی طرح  فہد مصطفیٰ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے اور اب فلم کے ٹیزر کو شائقین کے لیے ریلیز کردیا گیا ہے۔

فلم کے ٹیزر میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ایک دوسرے کیساتھ دیسی لک میں انتہائی خوبصورت دکھائی دے رہے ہیں، ٹیزر کا آغاز فہد مصطفیٰ کے ڈائیلاگ سے ہوتا ہے جس میں وہ اپنی ماں سے جلد شادی کا مطالبہ کرتے ہیں، ٹیزر کی جھلک میں شادی کے ہنگامے شائقین کو شادی کے ماحول میں لے جائیں گے جب کہ فلم کے ٹیزر کے آخر میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہر چیز کا ایک مقصد ہوتا ہے اسی طرح محبت اور ڈانس بھی زندگی کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔

واضح رہے کہ نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “لوڈ ویڈنگ” میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور دیگر کرداروں میں ثمینہ احمد، فائزہ حسن، نورالحسن ، قیصر پیا، انجم حبیب، غزالہ بٹ شامل ہیں جب کہ فلم  رواں سال عید الاضحیٰ کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔