ایم کیوایم کے رہنما شاہد پاشا کا نئی جماعت بنانے کا اعلان

عامرخان، خواجہ اظہار، حیدرعباس رضوی، بابر غوری سمیت دیگر لوگ کیسے ارب پتی بن گئے، شاہد پاشا


ویب ڈیسک July 01, 2018
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے، شاہد پاشا : فوٹو : فائل

ARIHA: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض اراکین میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے اور ناراض رہنما دیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے کے ساتھ اپنی نئی جماعتوں کا اعلان کررہے ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان، لندن، بہادر آباد اور پی آئی بی گروپ اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہی رہا ہے اب ایم کیوایم کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے بھی نئی جماعت کا اعلان کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاپتہ شاہد پاشا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچ گئے

شاہد پاشا نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا اور ورکرز ایکشن کمیٹی ایم کیو ایم کے نام سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ شاہد پاشا کو 6 روز قبل پارٹی رکنیت سے خارج کیا گیا جو ناانصافی ہے اور اس ساری سازش کے پیچھے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا ہاتھ ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم کیوایم رہنما شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ میں 32 سال سے ایم کیو ایم کا کارکن رہا، مجھے 5 بار گرفتار بھی کیا گیا اور اس دوران میں نے اپنی کوئی جائیداد نہیں بنائی۔ لیکن عامرخان، خواجہ اظہار، حیدرعباس رضوی، بابر غوری سمیت دیگر لوگ کیسے ارب پتی بن گئے، یہ سب ایم کیو ایم کے ارب پتی شہری وڈیرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کی ایم کیوایم الگ ہے اور رابطہ کمیٹی نے اپنی ایم کیوایم بنا رکھی ہے، مجھے بغیر کسی قصور کے معطل کیا گیا، ہم رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے۔