مینز ہاکی اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے جرمنی چیمپئن بن گیا

فائنل میں نیدرلینڈز 1-2 سے ناکام، ڈچ پلیئر ویرڈین 8 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر۔


AFP August 13, 2012
لندن : مینز ہاکی کے فائنل میں نیدرلینڈز کو ٹھکانے لگانے والی جرمن ٹیم کا گروپ فوٹو۔ فوٹو: اے ایف پی

جرمنی نے مینز ہاکی کے فائنل میںنیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دیکر اولمپک گولڈ میڈل جیت لیا، جرمن ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ اولمپک چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئی، یورپیئن حریفوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ انتہائی سنسنی خیز رہا، جرمنی کیلیے دونوں گول فلپ ریبنٹے نے بنائے، ڈچ ٹیم اپنی خواتین کی طرح طلائی تمغے جیتنے میں ناکام رہی اور انھیں مینز ہاکی میں سلور میڈل پرگزارا کرنا پڑا۔

حیرت انگیز طور پر گروپ مرحلے میں نیدرلینڈز نے جرمنی کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی تاہم فائنل میں جرمنی نے اورنج شرٹس کو پچھاڑ کر اس ناکامی کا ازالہ کردیا ، سیمی فائنل میں میزبان برطانیہ کو 9-2 گیارہ کرنیو الی نیدرلینڈز کی ٹیم جرمنی کے مضبوطی دفاعی حصار کو بے بس نہیں کرپائی، جرمن پلیئرز فلورین فشز، کرسٹوفر زیلر،بلی بیکر اور روجیر ہوفمین ان کے سامنے ڈٹے رہے اگرچہ ڈچ ٹیم نے پہلے ہاف میں گول بنانے کے تین مواقع پیدا کیے لیکن گول جرمنی نے بناڈالا، ڈچ ٹیم کا واحد گول منک وان ڈیر ویرڈین نے بنایا، وہ ایونٹ میں 8 مجموعی گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر بنے۔