اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان چل بسے

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
کوفی عنان 1997 سے 2006 تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل رہے۔ فوٹو : فائل

کوفی عنان 1997 سے 2006 تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل رہے۔ فوٹو : فائل

برن: اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان 80 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نوبل انعام یافتہ اور اقوم متحدہ کے پہلے سیاہ فام سیکرٹری جنرل کوفی عنان سوئٹزرلینڈ کے اسپتال میں مختصر علالت کے بعد آج خالق حقیقی سے جا ملے۔

اہل خانہ اور کوفی عنان فاؤنڈیشن کی جانب سے افسوس ناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک عظیم اور ہمدرد انسان اب ہم میں نہیں رہا۔ وہ سوئٹزرلینڈ کے شہر برن کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کے ہمراہ اہلیہ  اور تین بچے بھی موجود تھے۔

کوفی عنان 8 اپریل 1938 کو گھانا میں پیدا ہوئے وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سماجی کاموں کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔  1997 سے 2006 کے درمیان اقوام متحدہ کے ساتویں سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ انہیں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے پر نوبل انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔

۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔