پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس کینیڈا میں لاپتہ ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 18 ستمبر 2018
ایئرہوسٹس فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا فوٹو:طالب فریدی

ایئرہوسٹس فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا فوٹو:طالب فریدی

لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی۔ فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا، جس کے باعث اسے 2015 میں معطل کیا گیا تھا۔ ایئرہوسٹس فریحہ مختار کے امریکا سمیت تمام بین الاقوامی روٹس پر ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد تھی، تاہم اس کے باوجود ایئرہوسٹس کینیڈا جانے میں کامیاب ہوگئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فریحہ مختار گیارہ ستمبر کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 سے ٹورنٹو گئی تھی اور جمعرات کو لاپتا ہوئی۔

پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فریحہ مختار لاہور سے تعلق رکھتی ہے مگر اس کی ڈیوٹی کراچی سے لگوائی گئی، کینیڈا کی پرواز پر فریحہ کی ڈیوٹی مبینہ طور پر پیپلز یونٹی کے کچھ عہدیداروں کی ملی بھگت سے لگی۔ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں غائب ہونے پر پی آئی اے کو 8 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ہوا۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹس لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔