جہانگیر ترین کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی قائم کی جائے، ناصر حسین شاہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 ستمبر 2018
کچھ اصول صرف پیپلزپارٹی کے لیے بنائے گئے ہیں، ناصر حسین شاہ فوٹو: فائل

کچھ اصول صرف پیپلزپارٹی کے لیے بنائے گئے ہیں، ناصر حسین شاہ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ کے وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جہانگیر ترین کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی قائم کی جائے۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچھ اصول صرف پیپلزپارٹی کے لئے بنائے گئے ہیں حالانکہ جہانگیر ترین کے اکاؤنٹس سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان نے ذکر کیا تھا۔ جہانگیر ترین کے اکاؤنٹس سے متعلق جے آئی ٹی بنائی جانی چاہیے۔ جو نااہل ترین ہیں وہ اہم ترین بن کر حکومتی کام کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گرین لائن کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بسیں نہیں لائی گئیں۔ چھ سو بسیں کچھ ماہ بعد کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی ہم نے وقت سے پہلے بسیں نہ لاکر دیگر صوبوں کے برعکس اپنی سبسڈی بچائی ہے۔

کالاباغ ڈیم کے نہ بننے سے متعلق پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے۔ اس کے علاوہ جو ڈیم بنیں گے اس کی مخالفت نہیں کریں گے، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے قرضہ نہیں لیں گے مگر آج صورتحال آپ خود دیکھ لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔