ایران کا اہواز حملے میں ملوث دہشتگردوں کے شامی ٹھکانوں پر میزائل حملے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  پير 1 اکتوبر 2018
ایران نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : سپاہ نیوز

ایران نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : سپاہ نیوز

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اہواز میں فوجی پریڈ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے شام میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کی فوج پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ شام میں اُن دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹر پر میزائل داغے ہیں جو گزشتہ ماہ ایرانی شہر اہواز میں فوجی پریڈ پر حملے میں ملوث تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے شام کے دریائے فرات کے مشرق میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے جس سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنی ویب سائٹ ‘سپاہ نیوز’ میں حملے سے متعلق تصاویر بھی شائع کی ہیں تاہم حملہ کس مقام سے کیا گیا اور کتنے میزائل داغے گئے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ حملے سے ہونے والے نقصانات سے متعلق بھی کوئی معلومات نہیں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 22 ستمبر کو ایران میں فوجی پریڈ کے دوران فوجی لباس میں ملبوس مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے عام شہریوں سمیت 24 فوجی ہلاک اور 50 سے زائد افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ شدت پسند تنظیم اہواز نیشنل رزسٹنس نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔