مشتاق احمد کا پاکستان کی ’’خدمت‘‘ سے دل اچاٹ ہو گیا

مشتاق احمد نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض نبھانے کا معاہدہ کر لیا۔


Sports Reporter October 26, 2018
مشتاق احمد نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض نبھانے کا معاہدہ کر لیا۔ فوٹو: فائل

مشتاق احمد کا پاکستان کی ''خدمت'' سے دل اچاٹ ہوگیا اور سابق لیگ اسپنر نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض نبھانے کا معاہدہ کر لیا۔

ایک عرصہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسپن بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے مشتاق احمد نے غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہنے کے بعد رواں سال اپریل میں اپنے معاہدے کی تجدید کرا لی تھی، اس دوران انھیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے معاہدوں کی پیشکش ہوئی لیکن این سی اے میں ہی کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

پی سی بی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے سے قبل مشتاق نے ایک ماہ ویسٹ انڈیز کیلیے بھی فرائض نبھائے، انگلش ٹیم کے ساتھ بھی کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے سابق لیگ اسپنر کا اب کیریبیئن بورڈ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، وہ بطور اسسٹنٹ کوچ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھاریں گے، انھیں سال میں کم ازکم 150دن خدمات فراہم کرنا ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق مشتاق احمد ویسٹ انڈین ٹیم کے دورئہ بھارت میں بھی ذمہ داری نبھانا چاہتے تھے لیکن پڑوسی ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سامنے آنے والے ویزا مسائل کی وجہ سے نہ جا سکے۔کیریبیئنز کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ ان کی پہلی مصروفیت دورئہ بنگلہ دیش ہوگی جہاں 2ٹیسٹ، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ناقدین یہ بھی کہتے ہیں کہ مشتاق اپنے دور میں قومی ٹیم کیلیے کوئی ایک نوجوان اسپنر بھی تیار نہ کر سکے، بیشتر کھلاڑی اپنے بل بوتے پر منتخب ہوئے البتہ کامیابیاں ملنے کے بعد سابق اسپنر نے انھیں مشوروں سے نوازا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں