سپریم کورٹ نے آج انصاف کا بول بالا کردیا، طاہر القادری       

ویب ڈیسک  بدھ 5 دسمبر 2018
پانچ رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کی خوشیاں لوٹا دیں،طاہر القادری فوٹوفائل

پانچ رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کی خوشیاں لوٹا دیں،طاہر القادری فوٹوفائل

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا  کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے آج انصاف کا بول بالا کر دیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یتیموں اور بیواؤں کی مدد کرنے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، سپریم کورٹ نے آج انصاف کا بول بالا کر دیا ہے، پانچ رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کی خوشیاں لوٹا دیں، سپریم کورٹ نے ہمارے لیے انصاف کی امید کا چراغ جلایا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جی آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا اعلیٰ عدلیہ نے واضح کر دیا کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کے چراغ گل نہیں ہوئے، ججز نے اطمینان سے میری بات سنی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کردیا، حکومت نے تحقیقات کے لیے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی، ہم حکومت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے قیام کی مخالفت نہیں کی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جی آئی ٹی بنانے کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے عوامی تحریک کی درخواست نمٹا دی۔

کیس کا پس منظر؛

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزاحمت پر پولیس کی فائرنگ سے 14 افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔