علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے فاروق ستار پیش

علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ترجمان فاروق ستار


ویب ڈیسک January 03, 2019
  فاروق ستارسے علی رضاعابدی کے حوالے سے آدھے گھنٹے تک سوالات پوچھے گئے:فوٹو: فائل

فاروق ستار قتل ہونے والے علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ڈاکٹرفاروق ستارٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ فاروق ستار سے علی رضا عابدی کے حوالے سے آدھے گھنٹے تک سوالات پوچھے گئے۔ ایس ایس پی پیرمحمد شاہ کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں گزشتہ روز اہم رہنماؤں کو طلب کیا گیا تھا اورکیس میں مزید لوگوں کو طلب کرسکتے ہیں۔

ترجمان ڈاکٹر فاروق ستار نے اس متعلق کہا کہ آج فاروق ستار شہید علی رضا عابدی قتل کیس کے سلسلے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، شہید علی رضا عابدی سے سیاسی نظریاتی اورذہنی ہم آہنگی کو نظرمیں رکھتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو بلایا گیا اورانہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

اس سے قبل علی رضا عابدی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، ٹیم کوملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیتے ہوئے روزانہ رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے علی رضا عابدی کوان کے گھرکے باہرفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔