چوہدری سالک حسین کی اپنی وزارت میں کیا کوئی کرپشن نہیں، وزیر تعلیم پنجاب کا جوابی وار

اگر وزیر اعلیٰ  مریم نواز نیک نیتی سے کام کر رہی ہیں تو پھر کرپشن کے بہتان کیوں؟ چوہدری سالک کے بیان کی ٹائمنگ اہم ہے


ویب ڈیسک November 13, 2026

وزیر  تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے اوور سیز پاکستانی چوہدری سالک حسین کی اپنی وزارت میں کیا کوئی کرپشن نہیں ہے ؟ اگر وزیر اعلیٰ  مریم نواز نیک نیتی سے کام کر رہی ہیں تو پھر کرپشن کے بہتان کیوں؟۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات  نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین  کے بیان  سے 48 گھنٹے پہلے ان کے بھائی شافعی صاحب نے  پنجاب حکومت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ شافعی صاحب کے نیشنل ٹی وی پر  بیانات چلے کہ مریم نواز نے اچھی  مثالی گورننس کی۔    وفاقی  وزیر چوہدری سالک صاحب  کے اس بیان کی ٹائمنگ  بہت اہم ہے کیونکہ ڈپٹی کمشنر گجرات کو تبدیل کیا گیا تھا جبکہ گجرات یونیورسٹی کے  وائس چانسلر کو بھی لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سالک صاحب نے اپنی وزارت میں کیا  کارروائی کی؟  کیا  ان کی وزارت میں  کوئی کرپشن نہیں ہے؟ سالک  صاحب نے کرپشن کی بات کی اور ان کے پاس ثبوت بھی نہیں ہیں، انہوں نے  کہا کہ  پنجاب میں کوئی سیاسی بھرتیاں نہیں  رہی ہیں،  سالک صاحب وفاق  کا حصہ ہیں ، وہ  اپنی وزارت کی بات کرتے، پھر کہتے ہیں کہ ثبوت بھی  نہیں ہیں۔

رانا سکندر حیات نے سوال اٹھایا کہ پھر ایک خاتون کو کیوں  نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ  مریم نواز نے کرپشن  ناسور کیخلاف ایکشن لیے اور مشکل فیصلے کیے،  کرپشن پر  ڈپٹی  کمشنر کو  گرفتار کروایا۔ پچھلے  4 مہینوں میں کرپشن پر پنجاب میں 400 سے زائد گرفتاریاں ہو چکی ہیں  کیا دیگر صوبوں میں اس کی مثال ملتی ہے؟۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ  ق لیگ کی جانب سے  بیان آیا کہ ہم  اتحاد میں رہنا چاہتے ہیں، اگر سالک صاحب کے بیان کا کوئی مقصد نہیں ہے تو  ان کے بیان کی وجہ کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم تو احتساب پر یقین رکھتے ہیں، ہماری  وزیر اعلیٰ مریم نواز اور  پوری پنجاب کابینہ نے کوئی منفی اور انتقامی سیاست نہیں کی، وزیر اعلیٰ نے بیان دیا کہ میرا کوئی وزیر  بھی  کرپشن  میں ملوث ہوا تو کارروائی ہو گی۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ  نیک نیتی سے کام کر رہی ہیں تو پھر  کرپشن کے بہتان کیوں؟ ہم 400 لوگوں کو کرپشن پر نکال چکے ہیں،وزیر اعلیٰ کرپشن کیخلاف ایکشن لے رہی ہیں ، یا تو یہ اس کی نفی کریں کہ احتساب نہیں ہو رہا۔