سپریم کورٹ کی طلبی پر چیئرمین نیب چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش

چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو چیمبر میں طلب کیا تھا


ویب ڈیسک January 04, 2019
ممبر اسٹیٹ نے پہلے بھی مقدمات میں عدالت کو گمراہ کیا ہے، چیف جسٹس، فوٹو: فائل

وفاقی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے چیمبر میں ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس کی جانب سے طلب کیے جانے پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال پیش ہوگئے، چیئرمین نیب نے چیف جسٹس سے چیمبر میں ملاقات کی ہے۔

اس سے قبل چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر اور پراسیکیوٹرجنرل نیب ان چیمبر پیش ہوئے تو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی ان چیمبر سماعت کی۔

پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ نیب کی جانب سے زمین کی منتقلی روکنے کی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں، جس پر چیف جسٹس نے ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے خوشحال خان خٹک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبر اسٹیٹ نے پہلے بھی مقدمات میں عدالت کو گمراہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا نیب کے علاوہ سارا پاکستان چور ہے

چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ سی ڈی اے فوری طورپر زمین کا قبضہ دے، سی ڈی اے بورڈ میٹنگ طلب کرے اور زمین کے قبضے سے متعلق فیصلہ کرے اور رپورٹ عدالت کو دی جائے۔

قبل ازیں کیس کی سماعت میں وفاقی سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ ترلائی میں 200 بستر کا اسپتال بنا رہے ہیں، سی ڈی اے نے تاحال زمین الاٹ نہیں کی جب کہ بحرین کی حکومت نے زمین ملنے پرنرسنگ یونیورسٹی بنا کر دینی ہے، وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ نیب انکوائری کے باعث زمین منتقل نہ ہوسکی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کل تک زمین الاٹ کریں ورنہ چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ ایک درخواست پر پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں، کیا نیب کے علاوہ سارا پاکستان چور ہے،کیوں نہ چیئرمین نیب کا بطور سابق جج حاضری سے استثنی ختم کر دیں، ایک درخواست پر پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں، نیکی کا کام ہو رہا ہے نیب ٹانگ اڑا کر بدنامی کر دیتا ہے، سی ڈی اے کیلئے عدالتی حکم اہم ہے یا نیب کا۔