مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے 5 افراد جاں بحق 5 لاپتہ

مسافر بردار ٹرک میں 10 افراد سوار تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آگیا


ویب ڈیسک January 19, 2019
شدید برفباری کے باعث بند مرکزی شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ مسافر بردار ٹرک پر گر گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 5 لاپتہ ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع لداخ میں نے چند روز سے جاری برفباری کے بعد سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ رات گئے مسافر بردار ٹرک برفانی طوفان کی زد میں آگیا۔

طوفان کے دوران برفانی تودہ ٹرک پر گرنے سے 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 7 افراد لاپتہ ہوگئے تھے تاہم صبح 2 مزید افراد کی لاشیں مل جانے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جب کہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ضلع لداخ قراقرم اور جنوب میں ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں کے درمیان واقع ہے اور اس علاقے میں پیر سے جاری برفباری کی وجہ سے مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تھی۔

مقبول خبریں