انڈونیشیا کا مشہور بدبودار پھل ’دوریان‘ 1 ہزار ڈالر میں فروخت

انڈونیشیا میں "پھلوں کا بادشاہ" کہلانے والا دوریان پھل انتہائی خوش ذائقہ ہوتا ہے مگر اس کی بُو ناقابل برداشت ہوتی ہے


ویب ڈیسک February 01, 2019
مہنگے داموں بکنے والے پھل کی قیمت ملک میں اوسط اجرت سے تقریبا آٹھ گنا زیادہ بنتی ہے (فوٹو: فائل)

انڈونیشیا میں مشہور زمانہ بدبودار پھل 'دوریان' ایک ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جنوبی علاقے میں اگنے والے مشہور پھل 'دوریان' کے دو دانے انتہائی مہنگے داموں میں فروخت ہوئے ہیں۔ فروخت ہونے والے ایک پھل کی قیمت تقریباً ایک ہزار ڈالر بنتی ہے اور یہ رقم ملک میں لی جانے والی اوسط اجرت سے 8 گنا زائد ہے۔

مغربی صوبے جاوا کے علاقے تاسکیما لایا میں بھی ایک دکان پر دو عدد دوریان مہنگے داموں فروخت ہوئے اور ایک دوریان کی قیمت تقریباً 990 ڈالر بنتی ہے۔ تاسکیما لایا میں فروخت ہونے والے دوریان ''جے کوئن'' قسم سے تعلق رکھتے تھے جو نادر اور امتیازی نوعیت کے ذائقے کی حامل قسم شمار ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا کے حصے میں انتہائی مقبول اور انڈونیشیا میں پھلوں کا بادشاہ کہلانے والا پھل دوریان بہت خوش ذائقہ ہوتا ہے لیکن اس کی بو ناقابل برداشت ہوتی ہے۔ مستطیل شکل والے دوریان پھلوں کی قیمت صرف چند ڈالر ہے تاہم بیضوی شکل میں پیدا ہونے والے دوریان کی قیمت بلند ترین ہوجاتی ہے۔