کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ


ویب ڈیسک March 10, 2019
بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری فوٹو: فائل

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت پھر بڑھ گئی ہے۔

کوئٹہ سمیت شمال مغربی بلوچستان کے بیشتر علاقے بارش برسانے والے سسٹم کے زیر اثر ہیں، کوئٹہ کے علاوہ چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ، شیلاباغ ، قلات، بارکھان، خضدار، خانوزئی، برشور، بوستان ژوب اور شیرانی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔

بارشوں کے باعث صوبے کے متعدد علاقوں میں بجلی کے علاوہ گیس کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو دہری مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان نے خصوصی الرٹ بھی جاری کررکھا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مقبول خبریں