خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 21 اپريل 2019
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

گندے اور خراب دانت
زوھیب رب نواز، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کالج جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں، اچانک میری نظر اپنے دانتوں پر پڑتی ہے جو کہ بہت گندے اور خراب نظر آ رہے ہوتے ہیں ۔ میں یہ دیکھ کر کافی پریشان ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ مجھے فوراً کسی ڈاکٹر کے پاس جا کر دانت چیک کرانے چاہئیں، اس کے بعد مجھے یاد نہیں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

سانپ کاٹ لیتا ہے
لبنٰی سعید، شاہ کوٹ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے اس کے نیچے دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے ۔

شہد کھاتی ہوں
نسرین بیگم ( راولپنڈی)

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے ماموں کے گھر میں ہوتی ہوں۔ وہاں پر صبح میری ممانی میرے لئے کمرے میں ناشتہ لے کر آتی ہیں۔ ناشتہ میں ایک بوتل میں شہد بھی ہوتا ہے۔ شہد مجھے بہت پسند ہوتاہے۔ میں شہد کودیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں کہ میری پسند کا خیال رکھا گیا ہے۔ میں جلدی سے ڈبل روٹی کے ایک ٹکرے پر شہد لگا کر کھاتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو طاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ بیمار ہیں تو انشاء اللہ جلد شفا مل جائے گی۔آپ کے رزق میں برکت ہوگی۔آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔کاروبار میں زیادہ سے زیادہ منافع ہونے کی امید ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں اور کچھ صدقہ وخیرات بھی کریں۔

بارونق بازار
ایمن رسول(گوجرانوالہ)

خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک پررونق بازار سے گزر رہی ہوں، میرے ساتھ میرے میاں بھی ہیں ہم خوب رونق دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے چیزیں بھی خرید رہے ہیں۔ اسی رش میں ایک جنازہ گزر رہا ہوتا ہے اور میں ایک سائیڈ پر کھڑی ہوجاتی ہوں۔ اس کے بعد جب وہ واپس آتے ہیں تو ہم اپنی شاپنگ دوبارہ سے شروع کر دیتے ہیں۔

تعبیر:  یہ سعد خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہے آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا اور آپ کی صحت اور تندرستی میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی اور رزق میں اضافہ ہو گا۔ جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئیگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کیا کریں۔

بار بار سیڑھیاں اترنا اور چڑھنا
عثمان ادریس،لاہور

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک بلڈنگ میں کبھی سیڑھیاں چڑھتا ہوں اور کبھی اترتا ہوں۔ ایسا میں کئی بار کرتا ہوں، کچھ اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں کہ بار بار سیڑھیاں اترنے اور چڑھنے سے کیا مراد ہے؟

تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ معدہ میں رطوبات فاسد بنتی رہتی ہیں۔ بار بار سیڑھیاں اترنا چڑھنا ان رطوبات کی وجہ سے ہے اور یہ گیس بن کر دماغ تک پہنچتی ہیں۔

چھپکلیاں مارنا
اقراء معین،لاہور

خواب:۔ میں دیکھتی ہوں کہ اپنے بھائی اور ابو کے ساتھ چھپکلیاں مار رہی ہوں۔ ایک چھپکلی میرے بھائی کے ڈنڈے سے زخمی ہوجاتی ہے اور کہیں چھپ جاتی ہے۔ہم بہت ڈھونڈتے ہیں مگر نظر نہیں آتی۔پھر بھائی کی نظر بیڈ کے پیچھے پڑتی ہے جہاں وہ زخمی پڑی ہوتی ہے۔

تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کسی کمزور کو اپنی ریشہ دورانیوں سے تنگ کر رہے ہیں اور اس سے ان کو نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر آپ ہر لحاظ سے سے بہتر ہیں تو بجائے کسی کو ستانے کے اپنے آپ کو دوسروں کیلئے مفید بنائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔کوشش کریں کہ ہر ہفتے کسی غریب کو کھانا کھلا سکیں۔

پودینہ گھر لے جانا
احمد رضا،شاہ کوٹ

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ہاتھ میں پودینہ پکڑا ہوا ہے اور وہ بہت تازہ اور ہرا ہے۔ میں اس کو لے کر بہت خوشی خوشی گھر جا رہا ہوں۔

تعبیر:۔ یہ ایک اچھا خواب ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ نیک اور خوش قسمت ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیاکریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ ممکن ہوسکے تو کسی مسکین کو جمعرات کو کھانا بھی کھلائیں۔

ننگے پاؤں شاپنگ کرنا
مصباح ثناء،فیصل آباد

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کھڑی کچھ برانڈڈ سوٹ دیکھ رہی ہوں۔ اچانک میری نظر اپنے پاؤں پر پڑتی ہے تو میں حیران رہ جاتی ہوں کہ میرے دونوں پاؤں ننگے ہیں یعنی میں بغیر جوتی کے شاپنگ کر رہی ہوں۔گھبراہٹ میں ایک کونے میں کھڑی ہوجاتی ہوں، اس کے بعد موبائل کی گھنٹی کی آواز سے میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کوئی غم یا پریشانی آسکتی ہے، آپ کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش بھی آسکتی ہے، گھر کا کوئی مسئلہ بھی ہوسکتاہے اس لئے نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کریں اور حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں۔

پیاس میں پانی کی عدم دستیابی
سلمان حسین، قصور

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ اپنے دفتر میں بیٹھا کام کر رہا ہوں، اس دوران مجھے شدید پیاس محسوس ہوتی ہے۔ میں اپنے کیبن میں موجود بوتل چیک کرتاہوں اس میںپانی نہیں ہوتا۔میں اٹھ کر باہر جاتا ہوں کہ کسی ساتھی سے مانگ لوں مگر سب کے پاس پانی ختم ہوچکا ہوتا ہے۔پھر میں دوسرے سیکشن میں جا کے ڈسپنسر سے پینے لگتاہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہ بھی خالی پڑاہوتا ہے حتیٰ کہ اس کے اوپر بوتل بھی نہیں لگی ہوتی۔

تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی رنج وناامیدی کا شکار ہونا پڑسکتا ہے۔ اس میں ترقی سے وابستہ مسائل بھی ہو سکتے ہیں اور تعلیمی بھی، آپ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ دیں۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یا حیی یا قیوم کا ورد چلتے پھرتے کثرت سے کیا کریں۔

گھرکی چھت پر چڑھنا
فیصل خان، پشاور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں بازار سے آکر اپنے گھر میں داخل ہوتا ہوں اور مکان کی سیڑھیوں سے چڑھ کر مکان کی چھت پر آجاتا ہوں، ہمارا گھر تین منزلہ ہوتا ہے اس کی سیڑھیوں کی تعداد بھی کافی ہوتی ہے۔ میں آہستہ آہستہ ان سیڑھیوں پر چڑھ کر اوپر چھت پر آجاتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے قبیلے کی سرداری مل سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کاروبار میں برکت عطا فرمائیں گے۔ وسائل اور دولت میں اضافہ ہوگا جس سے آپ کا شمار امیر کبیر لوگوں میں ہوگا کسی حاکم وقت کے ساتھ دوستی ہو سکتی ہے جس سے آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ نماز پنجگانہ کے ساتھ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں ۔

بارش
عابد سلیم، نوشہرہ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے فلیٹ کی چھت پر ہوں اور مغرب سے ایک دم بادل آتے ہیں۔ ساتھ ہوا بھی چل رہی ہوتی ہے کہ ایک دم بارش شروع ہوجاتی ہے۔ آسمان سے گرتے بارش کے قطرے بڑے صاف اور شفاف نظر آتے ہیں اور پھر بارش سارے علاقے میں شروع ہو جاتی ہے۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ مال اور وسائل میں بہتری آسکتی ہے۔ زندگی میں آرام اور سکون بھی مل سکتا ہے۔ ترقی اور کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ رزق میں اضافہ ہوگا۔ دین اور دنیا میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاشکور کا ورد بھی کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔