کینیا میں چور پولیس چوکی سے اسلحہ اور گولیاں لے اُڑا

پولیس افسر اور اہلکار ٹی وی رونالڈو اور میسی کا فٹبال میچ دیکھنے چوکی کو خالی چھوڑ کر قریبی بازار گئے


ویب ڈیسک April 24, 2019
چور پولیس چوکی میں صندوق کا تالا توڑ کر 3 رائفلیں اور 2 درجن گولیاں لے اُڑا۔ فوٹو : فائل

کینیا میں نامعلوم چور پولیس چوکی سے اسلحہ اور گولیاں چرا کر فرار ہوگیا۔


بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کے علاقے ناندی میں پولیس افسر اور اہلکار چوکی کو لاوارث چھوڑ کر ٹیلی وژن پر فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے قریبی بازار چلے گئے اور اس دوران ایک چور نے پولیس چوکی میں ہی نقب لگادی۔ چور صندوق کا تالا توڑ کر اسلحہ اور گولیاں نکال کر فرار ہو گیا۔


ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ چوکی سے 3 رائفلیں اور 2 درجن گولیاں چرائی گئی ہیں، چور کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی کی جائے گی جس کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ فٹبال دنیا بھر میں ایک مقبول کھیل ہے اور افریقی ممالک میں بھی لوگ اس کھیل کے دلدادہ ہیں اور جب میچ میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے شہرہ آفاق کھلاڑی حصہ لے رہے ہو تو شاید ہی کوئی ہو جو یہ مقابلہ نہ دیکھے۔