خیبرپختونخوا میں درسی کتب میں ختم نبوت سے متعلق تبدیلی کے ذمہ دار کیخلاف کارروائی کا حکم

درسی کتب میں ختم نبوت سے متعلق تبدیلی حکومتی مرضی کے بغیر ہوئی، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی


ویب ڈیسک May 02, 2019
درسی کتب میں ختم نبوت سے متعلق تبدیلی حکومتی مرضی کے بغیر ہوئی، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی فوٹو:ٹوئٹر

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے بتایا ہے کہ درسی کتب میں ختم نبوت ﷺ سے الفاظ نکالنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی رکن اسمبلی حمیرا خاتون نے نکتہ اعتراض پر چوتھی کلاس کی جماعت کی اسلامیات کی کتاب میں سے عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے اسباق میں تبدیلی پر توجہ دلائی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے انہیں جواب دیا کہ اسلامیات کی کتاب میں سے ختم نبوت کے الفاظ حکومت کی اجازت کے بغیر ختم کیے گئے تھے، وزیر تعلیم نے الفاظ کو دوبارہ نصاب میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ تبدیلی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں میں سال 2019 کی چوتھی جماعت کی اسلامیات کی کتاب میں صفحہ نمبر 13 اور 14 پر تبدیلیاں کرتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت سے متعلق باتیں نکال دی گئی تھیں۔