بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے پاکستان

بھارتی دفاعی بجٹ میں اضافہ خطے کو اسلحے کی دوڑ میں لے جانے کی کوشش ہے، پاکستان


ویب ڈیسک May 09, 2019
بھارتی دفاعی بجٹ میں اضافہ خطے کو اسلحے کی دوڑ میں لے جانے کی کوشش ہے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹوفائل

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو متنازعہ اورسیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے 1989 سے اب تک 19 صحافیوں کو شہید کیا، کئی صحافیوں کو بھی زیر حراست رکھا، یاسین ملک سمیت کئی رہنماؤں کو خراب صحت کے باوجود حراست میں رکھا ہوا ہے، پاکستان نے ایل او سی پر خلاف ورزیوں اور سول شہریوں کی شہادت پر بھارت ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خزانہ کے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو متنازعہ اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے، اس کی ایشیا پیسیفک کی مشترکہ صدارت انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی دفاعی بجٹ میں اضافہ خطے کو اسلحے کی دوڑ میں لے جانے کی کوشش ہے، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ صرف دفاعی بجٹ میں اضافہ سے کچھ نہیں ہوتا، 27 فروری کودفاعی بجٹ میں اضافہ کی اہمیت تو پتہ چل ہی گئی ہوگی، اپنے وطن کی سالمیت کی حفاظت کا جذبہ اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی ہائی کمشنر کی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات معمول کے روابط کا حصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کے ملک چھوڑنے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا آسیہ بی بی آزاد شہری تھی اپنی مرضی سے چلی گئی۔