کے الیکٹرک کے خلاف کرنٹ سے ہلاکتوں کے مزید 2 مقدمات درج تعداد 6 ہوگئی

کے الیکٹرک کے خلاف درج ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی


Numainda Express August 15, 2019
کے الیکٹرک کے خلاف درج ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی فوٹو:فائل

کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ سے ہلاکتوں پر کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف شارع نور جہاں تھانے اور سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے میں مقدمات درج کرلیے گئے جس کے بعد مقدمات کی تعداد 6 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق طلحہ احمد 29 جولائی کو بارش کے دوران موٹر سائیکل پر دفتر سے گھر واپس آرہا تھا کہ راستے میں شادمان ٹاؤن کے قریب کے الیکٹرک کے بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے طلحہ کے والد ندیم احمد کی مدعیت میں کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی اور دیگر ذمہ داران کے خلاف دفعہ322 سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ قتل درج کرلیا۔

والد نے بتایا کہ شادمان ٹاؤن مین روڈ کے پاس بجلی کے پول سے کرنٹ کا اخراج ہو رہا تھا جو موت کی وجہ بنا۔ والد نے بتایا کہ طلحہ احمد چار بیٹوں میں سب سے بڑا تھا اور حال ہی میں اس نے سیکنڈ ایئر کے امتحان دینے کے بعد نجی ٹیکسٹائل کمپنی میں ملازمت شروع کی تھی۔



اسی طرح سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے نوعمر لڑکے کی ہلاکت کا مقدمہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف درج کرلیا۔

ایس ایچ او چوہدری اسلم نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 29 جولائی کو ہونے والی مون سون کی پہلی بارش کے دوران سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے وزیر گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ ذاکر جاں بحق ہوگیا تھا جس کی ہلاکت کا مقدمہ نمبر 487/19 زیر دفعہ 322 (قتل بالسبب) کے تحت متوفی کے والد غلام عباس کی مدعیت میں کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف درج کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے اب تک کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف 6 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جس میں متعدد مقدمات میں کے الیکٹرک کے چیئرمین اور سی ای او سمیت دیگر ذمہ داران کو نامزد کیا گیا ہے۔

میرے حلقے میں کرنٹ سے 3 بچے متاثر ہوئے، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر عمران شاہ

دریں اثنا تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا ہے کہ میرے حلقے میں بجلی کے جان لیوا تاروں سے کرنٹ لگنے سے 3 بچے متاثر ہوئے، شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے اس حوالے سے وہ وفاق کو بھی آگاہ کریں گے، کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث بارش کے دوران درجنوں لوگ اپنی جان سے چلے گئے کے الیکٹرک اپنی تنصیبات ، بجلی کی تاروں اور کھمبوں میں بہتری لائے تاکہ جان لیوا حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔

Karachi Child Adeel current injured Dr muhammad Ali shah treatment

کرنٹ سے جھلس کر زخمی ہونے والے 12 سالہ عدیل کے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب معصوم لڑکا کے الیکٹرک کی سڑک پر گری ہوئی تاروں کا شکار ہوا جو اچانک عدیل کے ٹانگوں میں لپٹ گئی تھیں اور وہ تاروں پر گرگیا اور اس کا چہرہ جھلس گیا۔

انھوں نے بتایا کہ بجلی کی تاریں گرنے کی اطلاع دن 2 بجے دی جاچکی تھی لیکن کے الیکٹرک کا عملہ اطلاع کے باوجود موقع پر نہ پہنچا، عدیل کو جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال لایا گیا خدا کا شکر ہے کہ ڈاکٹرز اس کی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے اگر اسے فوری طبی امداد نہ ملتی تو اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا تھام عدیل کی صحت یابی تک اس کا مکمل اور مفت علاج کروں گا۔

مقبول خبریں