پاکستان سے بہتر تعلقات کیلئے حکومت کو شرپسند عناصر کا آلہ کار بننے سے بچنا ہوگا بھارتی وزیرخارجہ

صرف مذاکرات ہی ایسی راہ ہیں جس کے ذریعے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، سلمان خورشید


ویب ڈیسک October 09, 2013
دونوں ممالک کے ایک دوسرے سے تعلقات کی بحالی کے راستے تلاش کرنے کےعمل سے گزر رہے ہیں، بھارتی وزیر خارجہ فوٹو: فائل

بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پیش آنے والے واقعات کے باوجود بھارتی حکومت کو پاکستان سے تعلقات کی بہتری کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہم شرپسند عناصرکے ہاتھوں میں نہ کھیل رہے ہوں۔

بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدہ صورت حال پر بھارت کو تشویش ہے تاہم اس کے باوجود اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ہم شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں نہ کھیل رہے ہوں۔ پاکستان کی موجود حکومت پر اعتماد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ صرف مذاکرات ہی ایسی راہ ہیں جس کے ذریعے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم من موہن سنگھ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی صرف ایک دوسرے پر اعتماد کی صورت میں ممکن ہے لیکن اس کے لئے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کےاعتماد پر پورا اترنا ہو گا، وزیر اعظم پاکستان نواز شریف بھی بھارت سے تعلقات کی بحالی کے خواہاں ہیں اور اس کے لئے انہوں نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات بھی کی ہے۔


سلمان خورشید نے بتایا کہ دونوں ممالک کے ایک دوسرے سے تعلقات کی بحالی کے راستے تلاش کرنے کےعمل سے گزر رہے ہیں، ہمیں اس سے نہ تو اتنی جلدی مایوس ہونا چاہیئے نہ ہی ہار ماننی چاہیئے۔