ملک بھر میں سیکیورٹی الرٹ امریکی قونصل خانوں پر اضافی نفری تعینات

سفارتکاروں، غیرملکیوں کو نقل وحرکت محدود کرنیکی ہدایت، دفاتر بند کرنے کا حکم


کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظرسیکیورٹی کے انتہائی فول پروف اقدامات کویقینی بنایا جائے،محکمہ داخلہ . فوٹو فائل

کالعدم تحریک طالبان حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعدکسی بھی ممکنہ ردعمل کے پیش نظروزارت داخلہ کی ہدایت پر ہفتے کوملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔

وزارت داخلہ نے اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں حساس مقامات ،سفارتخانوں،قونصل خانوں اورسیکیورٹی اداروں کے دفاتر کی سیکیورٹی یقینی بنانے اور سفارتکاروں وغیرملکی شہریوں کو اپنی نقل وحرکت محدودکرنے اور محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان عمرحمید نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ایک ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں سفارتخانوں اور سفارتکاروں کی رہائشگاہوں پراضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ریڈزون میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔راولپنڈی میں فوج اور پولیس کی 6 مشترکہ چیک پوسٹوں پر بھی سیکیورٹی میں اضافہ کردیاگیا ہے۔پشاورامریکی قونصل خانے سمیت دیگرحساس مقامات پرمتعین سیکیورٹی اہلکاروں کی نفری بڑھادی گئی ہے۔



ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام این جی اوزکو24 گھنٹے میں فیلڈچھوڑنے اور دفاتر بندکرنیکاحکم دیا گیاہے۔لاہور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑی کی سخت چیکنگ کی جاتی رہی۔ کراچی میں بھی محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پولیس ورینجرزکوہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظرسیکیورٹی کے انتہائی فول پروف اقدامات کویقینی بنائیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کوقبل از وقت ناکام بنادیاجائے۔

پولیس ورینجرز کی جانب سے مائی کلاچی روڈپرواقع امریکی قونصل خانے سمیت دیگر غیر ملکی قونصل خانوں ، غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں ، اہم تنصیبات ، سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں ، غیر ملکی فاسٹ فوڈ چینز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رہائش گاہوں، پولیس لائنز و ہیڈ کوارٹرز اور پبلک مقامات پر اضافی نفری کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں ملبوس پولیس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت اور ابتدائی معلومات سے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے،شہرکے مختلف علاقوں منگھوپیر،کنواری کالونی ، سلطان آباد ، گرم چشمہ ، پیر آباد ، کٹی پہاڑی ، قائد آباد ، گلشن بونیر ، شیرپاؤ کالونی ، اتحاد ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، رشید آباد ، سعید آباد ، موچکو ، مواچھ گوٹھ ، مشرف کالونی اور گڈاپ ٹاؤن کی خفیہ نگرانی شروع کردی گئی ہے۔

مقبول خبریں