پنجاب پختونخوا اور بلوچستان میں بارش و برفباری سردی بڑح گئی

ہارون آباد اورمیلسی میں کھیتوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 لڑکیاں جاں بحق اور ایک شدید جھلس گئی


Numaindgan Express November 07, 2013
لواری ٹنل کے قریب تودہ گرنے سے 4اہلکار زخمی، شندور، چترال اور گلگت میں سڑکیں بند، آج مزید بارش کا امکان فوٹو ایکسپریس

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

ہارون آباد، میلسی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 لڑکیاں جاں بحق اور ایک شدید جھلس گئی،لواری ٹاپ ٹنل کے قریب برفانی تودہ گرنے سے سیکیورٹی فورسز کے 4اہلکار دب گئے جنھیں بروقت کارروائی کر کے بحفاظت نکال لیا گیا، برف پڑنے سے چترال آنے جانے والے مسافر زیارت اور دیرخاص میں پھنس گئے۔ بدھ کو لاہور کے کئی علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہو گیا۔ پنجاب کے علاقوں بچیکی، بصیرپور، ہارون آباد، بورے والہ، رینالہ خورد، چیچہ وطنی، ساہیوال، سرگودھا، بھلوال، منڈی بہائو الدین، میانوالی میں بارش سے سردی بڑھ گئی اور لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا، ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم سرد کر دیا۔



دریں اثنا ہارون آباد کے نواحی گائوں 140سکس آر میں محنت کش بشیر احمد کی بیٹیاں کھیتوں میں کپاس چن رہی تھیں کہ آسمانی بجلی گرنے سے 18سالہ فہیم انعم موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ 15سالہ ارم انعم بری طرح جھلس گئی۔ میلسی سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ظہور احمد اہلخانہ کے ساتھ مکئی کے کھیت میں کام کر رہا تھا کہ آسمانی بجلی گرنے سے اس کی 18سالہ بیٹی فرزانہ جھلس کر ہلاک اور قریب کھڑا بیل جھلس گیا۔ اے پی پی، آئی این پی کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، چترال، کوہاٹ، مردان، سوات، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلسل بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ سوات، گلگت بلتستان، بٹگرام سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد شندور، چترال اور گلگت سمیت دیگر رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وادی کالام میں 6 انچ برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ پہاڑوں پر 2 فٹ برف پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ چلاس، دیامر، نانگا پربت، نیاٹ اور داریل تانگیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں