جمرود میں نیٹو ٹریلرز پر فائرنگ اور راکٹ حملہ 4 ڈرائیور زخمی صوابی میں بم دھماکا

فوجی سامان اورگاڑیوں سے لدے ٹریلرطورخم سے کراچی جارہے تھے،ایک کوشاگئی ،دوسرے کو سور کمرکے علاقے میں نشانہ بنایاگیا


Numaindgan Express November 10, 2013
حملوں کی ذمے داری ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے قبو ل نہیں کی۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں نیٹو ٹریلروں پر حملوں میں 4 ڈرائیوراور کنڈیکٹرزخمی ہوگئے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق پہلا واقع جمرود کے پہاڑی علاقے شاہ گئی میں اس وقت پیش آیا جب نیٹو افواج کے فوجی سامان اور گاڑیوں سے بھرا ٹریلر کراچی جاتے ہوئے وہاں سے گزر رہا تھا، فائرنگ سے ڈرائیور خان بہادراور شاہ جہان زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال جمرودمنتقل کر دیا گیا۔ دوسرا واقع جمرود کے علاقے سورکمر میں پیش آیا جہاں ٹریلر پر نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے راکٹ سے حملہ کیا جس سے ڈرائیور سہیل احمد اور کنڈیکٹرجنید بشیر زخمی ہوگئے ، پشاور کے اسپتال میںدونوں کی حالت تشویشاناک بتائی جاتی ہے، ان حملوں کی ذمے داری ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے قبو ل نہیں کی۔



تحصیلدار عصمت اللہ وزیر نے بتایا کہ دونوں واقعات کے بعد سرچ آپریشن میں 6 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق نیٹو ٹریلرز پر فائرنگ کی وجہ سے دوکوسٹ کمانڈرز سمیت 7 خاصہ داروں کو معطل کردیاگیا۔ ادھر صوابی جہانگیرہ روڈ پر بجلی پول کیساتھ نصب بم پھٹنے سے ڈی ایس پی صوابی کی وین اور ایک کار کو معمولی نقصان پہنچا۔باجوڑکی تحصیل سلارزئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسکول کا چوکیدار جاں بحق ہوگیا۔پشاورکے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 169مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔سوات میں نیک پی خیل امن جرگہ کا اجلاس ہوا جس کے شرکاء نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنیکا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں