بین ڈنک جو چیونگم کھا کر اننگ کھیلتے ہیں وہ چیونگم ہی چھین لیں گے، وہاب ریاض

اسپورٹس رپورٹرز  پير 9 مارچ 2020
بین ڈنک کے خلاف اپنا پلان شئیر نہیں کرسکتے، میدان میں سب دیکھیں گے کہ کس طرح حریف کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کردیں گے (فوٹو: فائل)

بین ڈنک کے خلاف اپنا پلان شئیر نہیں کرسکتے، میدان میں سب دیکھیں گے کہ کس طرح حریف کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کردیں گے (فوٹو: فائل)

 لاہور: پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے پرمزاح انداز میں کہا ہے کہ بین ڈنک جو چیونگم کھا کر اننگ کھیلتے ہیں وہ چیونگم ہی چھین لیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف بہترین حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے، اس میچ کی اہمیت کا احساس ہے، بین ڈنک زبردست بیٹنگ کررہے ہیں ان کے خلاف اپنا پلان ابھی شئیر نہیں کرسکتے، میدان میں سب دیکھ لیں گے کہ کس طرح حریف تمام بلے بازوں کو جلد آؤٹ کریں گے۔

انہوں نے بین ڈنک کے چیونگم کھاتے ہوے چھکے لگانے کے سوال پر کہا کہ بین ڈنک نے ابھی تک جتنی اننگز کھیلی ہیں بڑی اچھی کھیلی ہیں، لاہور قلندر کو ان کی اننگ سے فائدہ ہوا ہے لیکن بین ڈنک جو چیونگم کھا کر اننگ کھیلتے ہیں ہم وہ چیونگم ہی چھین لیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان کے مطابق اگلے دونوں میچ ہمارے لیے اہم ہیں، ابھی فی الحال لاہور والے میچ پر فوکس ہے کیوں کہ ہم ان میں بہترین پرفارمنس دے کر میڈل ٹیبل پر ٹاپ فور پوزیش میں نمایاں جگہ پانا چاہتے ہیں، اس وقت صورت حال ایسی ہے کہ کوئی بھی ٹیم فائنل فور میں آسکتی ہے لیکن کوشش ہے منگل کو شیڈول میچ جیت کر فائنل فور میں جگہ پکی کریں۔

نوجوان حیدر علی کی شاندار پرفارمنس کے سوال پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ حیدر بہت اچھا لڑکا ہے اور بہت محنتی ہے، اسے جو رول دیا جارہا ہے وہ ادا کر رہا ہے، ہماری خواہش ہے کہ وہ مزید عمدہ بیٹنگ کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرے۔

ویاب نے یہ بھی کہا کہ پشاور ہمیشہ سے میری ٹیم رہی ہے، لاہور میرا ہوم گراؤنڈ ہے لیکن کھیل میں پشاور سے رہا ہوں، یقین ہے کہ کراوڈ ہمیں بھی سپورٹ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔