ڈرون حملوں کے خلاف دفاع پاکستان کونسل اور سنی تحریک کے ملک گیر احتجاجی مظاہرے

لاہور،راولپنڈی،پشاور،ملتان،حیدرآباد،کوئٹہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے،حکومت سے ڈرون طیارے مار گرانے کا مطالبہ


Numaindgan Express November 30, 2013
امریکا وبھارت پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے،حافظ سعید، اتوارکو مال روڈ پردفاع پاکستان کارواں نکالنے کا اعلان۔ فوٹو رائٹرز/فائل

امریکی ڈرون حملوں کے خلاف دفاع پاکستان کونسل اور سنی تحریک کی اپیلوں پرملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔

لاہور، راولپنڈی، پشاور، ملتان، حیدرآباد اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ڈرون حملوں میں پاکستانیوں کے قتل عام کیخلاف اپنے شدید جذبات کا اظہار کیا۔ لاہور میں چوبرجی چوک پر المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے مظاہرے میں سیکڑوں بچے بھی شریک ہوئے۔ مظاہرے سے امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ سعید، قاری یعقوب شیخ، مولانا ابو الہاشم، انجینئر حارث ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ سعید نے کہا کہ اب ڈرون طیارے گرانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، امریکا نے نیٹو سپلائی بند ہونے کے باوجود حملہ کر کے پیغام دیا ہے کہ یہ حملے نہیں رکیں گے، حکومت ڈرون گرانے کا حکم دے، صدر،وزیراعظم ،آرمی چیف نے پاکستان کے دفاع کا حلف اٹھایا ہے، ڈرون حملوں کے خلاف پاکستانی قوم سراپا احتجاج ہے۔

امریکا، بھارت اور انکے اتحادی پاکستان کوسینڈوچ بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں اور یہاں دہشتگردی کیساتھ فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں، جب تک حکومت پاکستان جرأتمندانہ راستہ اختیار نہیں کرے گی امریکا اور اس کے اتحادی سازشوں سے بازنہیں آئیں گے۔ ایک طرف بھارت کنٹرول لائن پر دیوار تعمیر کرنے کے اعلانات کر رہا ہے اور دوسری طرف سرحدوں کو نفرت کی لکیریں قراردے کرختم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، حکومت یاد رکھے امریکا و بھارت ہمارے دوست نہیں ہو سکتے۔ انجینئر حارث نے کہا کہ تمام طلبا تنظیموں کو متحدہ طلبا محاذ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ امریکا کے ساتھ تمام خفیہ معاہدے ختم کرے۔ قاری یعقوب شیخ، مولانا ابوالہاشم، ثاقب، راشد علی،عثمان و دیگر نے کہاکہ ڈرون طیارے مارگرانے کے احکامات جاری اور نیٹو سپلائی فی الفور بند کی جائے۔



راولپنڈی میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرحمان ودیگر نے کہاکہ امریکا نے پاکستان کے خلاف غیراعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، حکومت کو ان حملوں کیخلاف دنیا کے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔ حیدرآباد میں پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ رحیم یارخان، چیچہ وطنی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، کھڈیاں، جہلم، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ، ڈیرہ اسماعیل خاں، صادق آباد، مظفر گڑھ، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا ، تلہ گنگ ،سکھر، نواب شاہ، بدین، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پورودیگر شہروں میں بھی مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کیے گئے۔حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، رانا شمشاد،حافظ عبدالغفار المدنی ودیگر نے کہا کہ نواز شریف جراتمندانہ فیصلے کریں گے تو پوری قوم ان کیساتھ ہو گی۔

دریں اثنا دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام ڈرون حملوں و نیٹو سپلائی اور بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے حوالے سے کل اتوار کو مال روڈ پردفاع پاکستان کارواں نکالا جائے گا جس کے اختتام پردفاع پاکستان کانفرنس منعقد ہو گی۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ سعید،سید منور حسن،جنرل(ر) حمید گل،مولانامحمد احمد لدھیانوی،صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر ودیگر قائدین خطاب کرینگے۔ علاوہ ازیں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری، مجاہد عبدالرسول نے کہاکہ دہشتگردوں کے ہاتھوں 60ہزار پاکستانیوں کی شہادت پر حکومت اور سیاسی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، ملکی سالمیت کے لیے حکمرانوں کو دوٹوک فیصلے کرنا ہونگے اور غیر ملکی ایجنڈا چھوڑ کر دوقومی نظریہ اور وطنیت کو پروان چڑھانا ہو گا۔سنی تحریک کے تحت ملک بھر کی مساجد میں ڈرون حملوں کیخلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

مقبول خبریں