پنجاب میں تین دن مکمل لاک ڈاؤن، چار دن تمام دکانیں کھولنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 مئ 2020
 بڑے پلازہ اور شاپنگ سینٹر ساتوں دن بند رہیں گے، فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو : فائل

بڑے پلازہ اور شاپنگ سینٹر ساتوں دن بند رہیں گے، فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو : فائل

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں 3 دن مکمل لاک ڈاؤن اور 4 دن تمام دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 3 دن، جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جب کہ 4 دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات لاک ڈاؤن میں نرمی ہوگی، نرمی کے دنوں میں ساری دکانیں اور بازار کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پلازہ اور شاپنگ سینٹر ساتوں دن بند رہیں گے۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے جزوی لاک ڈاؤن کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق صوبے میں 31 مئی تک  جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی ہے۔ این سی سی کی جانب سے  فجر سے لیکر شام پانچ بجے تک دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔نوٹیفیکیشن میں این سی سی کی جانب سے ہونے والے فیصلے کا ذکر نہیں۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق دانہ منڈی، سبزی منڈی اور مویشی منڈیاں ہفتے میں سات دن24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ حجام اور سلیون کے علاوہ جمنیزیم بھی کھول دیے گئے ہیں۔ تمام ریٹیل شاپس ہفتے میں چار دن کھولنے کی اجازت ہو گی۔ پھل اور سبزی منڈی ہفتے میں سات دن کھلی رہیں گی۔ ٹائر پنکچر شاپس، ہوٹلز سے ٹیک اوے ہوم ڈلیوری 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔دوسرے مرحلے میں تعمیراتی شعبے، پی وی سی پائپ الیکٹرک اپلائنس اور سٹیل کا کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ پوسٹل اور کورئیر سروسز بھی ہفتے میں سات دن کھلی رہی گی۔

حکومتِ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق  کھیلوں کی تقریبات اور جلسے جلوس  پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گا تاہم پابندی کا اطلاق  چنگ چی رکشہ پر نہیں ہوگا۔ ہوٹل،شادی ہالز، سنیمااور عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔ بڑے شاپنگ مالز ،تعلیمی ادارے ،ریسٹورنٹ بدستور بند رہیں گے۔ کنسرٹ اور کھیلوں کی سرگرمیان بھی بند رہیں گی۔ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ جلد ملاقات میں ایس او پیز تیارکرکے پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھول دیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔