سابق کرکٹرز یوٹیوب پر تحمل سے کام لیں، رمیز راجہ

اسپورٹس رپورٹر  پير 8 جون 2020
ایسی باتیں نہ کریں جس پرمتاثرین ایف آئی اے کے پاس جانے پر مجبور ہوجائیں۔ فوٹو:فائل

ایسی باتیں نہ کریں جس پرمتاثرین ایف آئی اے کے پاس جانے پر مجبور ہوجائیں۔ فوٹو:فائل

لاہور: رمیز راجہ نے یوٹیوب پر سابق کرکٹرز کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے دیا۔

شعیب اختر نے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی پر کھلاڑیوں کا کیریئر تباہ کرنے سمیت سنگین الزامات عائد کیے تھے جس پر انھیں قانونی نوٹس بھجوایا گیا، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں بھی شکایت درج کرائی گئی، اسپیڈ اسٹار کرکٹ پر بات کرتے ہوئے اکثر مختلف لوگوں کے خلاف انتہائی سخت الفاظ استعمال کر جاتے ہیں۔

رمیز راجہ نے اپنے یو ٹیوب چینل پر شعیب اختر کا نام لیے بغیر کہاکہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر پاکستان کی ساکھ تباہ نہ کریں،مائیک میں بڑی طاقت ہے، میڈیا پر الفاظ سوچ سمجھ کر استعمال کریں، کسی کی پگڑی اچھالنے میں صرف 2 سیکنڈز لگتے ہیں، اس لیے محتاط رہتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کی عزت اور ایسی بات کرنا چاہیے جو قابل قبول ہو۔

انھوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تو حد ہی پار کردی، یہ بات اس لیے کررہا ہوں کہ پی سی بی کو سائبر کرائمز ونگ سے رجوع کرنا پڑا، کبھی انسان کو مایوسی ہوتی ہے لیکن تنقید کا بھی ایک طریقہ ہونا چاہیے، سابق کرکٹرز نے یوٹیوب چینل کھول لیے لیکن بات تو ایسی کریں کہ ذاتی نہ لگے اور متاثرین ایف آئی اے کے پاس جانے پر مجبور نہ ہوں، کرکٹ ہی سابق کرکٹرز کی روٹی روزی ہے لیکن گذشتہ چند ماہ میں  منفی سرخیاں بنی ہیں، تنقید کریں مگر اس میں دانشمندی نظر آنا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔