محکمہ موسمیات کی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

بارشوں کا دورانیہ صرف ایک دن پر محیط ہو گا، 25 جولائی سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ 3 روز تک برقرار رہنے کا امکان


Staff Reporter July 17, 2020
بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی، آج مطلع مرطوب اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے، سردار سرفراز۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق جمعہ آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہر میں جمعے سے ہونے والی بارشوں کا دورانیہ صرف ایک دن پر محیط رہنے کا امکان ہے،بارش کا سلسلہ بعدازاں سمندر میں شہر کے مغربی جانب سے عمان کی جانب منتقل ہوجائے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق مون سون کی ہواؤں کا سلسلہ اس وقت رن آف کچھ بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہورہا ہے، اسی سلسلے کی وجہ سے بدھ کو اندورن سندھ تھرپارکر کے صدر مقام مٹھی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو چکی ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق بارش سے قبل معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، ان کا مزید کہنا ہے کہ 24 اور 25 جولائی کے درمیان مون سون کے تحت بارش ہونے کا امکان بھی برقرار ہے، جس کے تحت 2 سے 3 روز تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 37.4 ڈگری ریکارڈ ہوا، کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 جبکہ شام کو 58 فیصدریکارڈ ہوا،سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں، آج مطلع مرطوب جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 36 سے 38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

مقبول خبریں