پنجگور کوئٹہ ایرانی فورسز کی فائرنگ پاکستانی جاں بحق 3 لاشیں ملیں

ڈیرہ مراد جمالی، تربت میں بم دھماکے،3 زخمی، رکھنی میں بم ناکارہ ، نائب تحصیلدار اغوا، ٹرین سے گرکر پولیس اہلکارجاں بحق


Numaindgan Express December 11, 2013
گزشتہ دنوں اغوا ہونے والے عبدالکریم کی لاش پولیس کو نواحی علاقے سے مل گئی جسے فائرنگ کرکے قتل کیاگیاتھا ،فوٹو: فائل

پنجگور میں ایرانی سیکیورٹی فورسزکی فائرنگ سے پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا کوئٹہ اور اندرون صوبہ 3 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں مل گئیں۔

ڈیرہ مرادجمالی اور تربت میں بم دھماکوںسے 2پولیس افسروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے،رکھنی میں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنادیاگیا،مسلح افراد نائب تحصیلدارکواغوا کرکے لے گئے فرنٹیئرکور نے کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں سرچ آپریشن کے دوران مارٹرگولوں،مشین گنوں سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ اورمذہبی لٹریچر برآمدکرکے 3 مشتبہ افرادکوگرفتارکرلیا، ٹرین سے گرکر پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا، حب سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق کراچی سے اغوا کیے گئے 2یمنی باشندے بازیاب کرکے3 اغواکار گرفتارلیے گئے ،پنجگور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پاک ایران بارڈر پر منگل کو ایران کی سرحدی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے پنجگور کے علاقے پروم گواش کا رہائشی ناصراحمد جاں بحق ہوگیا لیویز نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی،کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے گزشتہ دنوں اغوا ہونے والے عبدالکریم کی لاش پولیس کو نواحی علاقے سے مل گئی جسے فائرنگ کرکے قتل کیاگیاتھا،حب سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق گڈانی کے قریب پولیس کوایک خاتون کی لاش ملی۔

بسیمہ کے علاقے شیروزہ سے پولیس کوایک لاش ملی مقتول کی شناخت نوراحمد کے نام سے ہوئی جسے2دسمبر کواغواکیاگیاتھا، ڈیرہ مرادجمالی سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مزدور چوک کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ایس ایچ او سٹی غلام حیدر سب انسپکٹر غلام رسول سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ این این کے مطابق تربت میں ایئرپورٹ کے قریب زور دار بم دھماکا ہوا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق رکھنی میں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بناکر تخریب کاری کے منصوبے کوناکام بنادیاگیا، کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نائب تحصیلدار جانان کو اغوا کرکے لے گئے، فرنٹیئرکور نے کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان سے11عدد سب مشین گنیں، 239 میگزین ایک ٹی ٹی پسٹل،12.7 ایم ایم مارٹر کے 20 گولے، 8 عدد پاسپورٹ،4عدد موٹرسائیکلیں، مذہبی لٹریچر برآمد کرکے 3 افراد کو گرفتارکرلیا ۔

مقبول خبریں