دنیا کے سب سے فربہ شخص نے کورونا کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 ستمبر 2020
36 سالہ فرانکو کو 2017 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے فربہ ترین شخص قرار دیا تھا، فوٹ : اے ایف پی

36 سالہ فرانکو کو 2017 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے فربہ ترین شخص قرار دیا تھا، فوٹ : اے ایف پی

میکسیکو سٹی: 208 کلو وزنی 36 سالہ ہوآن پیڈرو فرانکو نے کورونا وائرس کو شکست دیکر دنیا کو حیران کردیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور پھیپھڑوں کے دائمی مرض میں مبتلا ہوآن پیڈرو فرانکو کا وزن 208 کلو ہے جو کہ عالمی ریکارڈ ہے تاہم دو ہفتوں قبل اُن میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

ہوآن پیڈرو فرانکو کو کووڈ-19 کے دوران شدید سر میں درد اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا تاہم ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی گنیز بک آف ورلڈ کی جانب سے دنیا کا فربہ ترین آدمی کا اعزاز پانے والے 36 سالہ نوجوان نے کورونا کو شکست دیدی۔

ہوآن فرانکو کے موٹاپے کا علاج کرنے والے معالجین کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر انتونیو نے میڈیا کو بتایا کہ شوگر، فشار خون اور امراض قلب میں مبتلا افراد کے لیے کورونا کو شکست دینا مشکل ہوتا ہے اور فرانکو تو موٹاپے کا شکار بھی تھے۔

ڈاکٹر انتونیو کا مزید کہنا تھا کہ ہوآن پیڈرو فرانکو کا موزی وائرس کورونا سے صحت یاب ہونا غیر معمولی بات ہے اور اسے معجزہ ہی کہا جا سکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔