اپنے ہی ملک میں غلاموں جیسے سلوک سے پریشان آگئی ہوں، کنگنا رناوت

ویب ڈیسک  جمعـء 20 نومبر 2020
اس شرمناک غلامی کی زندگی کا کیا فائدہ ہے جو اندھیروں کے نگہبانوں کے زیر کنٹرول ہے، کنگنا رناوت فوٹوفائل

اس شرمناک غلامی کی زندگی کا کیا فائدہ ہے جو اندھیروں کے نگہبانوں کے زیر کنٹرول ہے، کنگنا رناوت فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ وہ خود کو اپنے ہی ملک میں غلام تصورکرتی ہیں اور غلاموں کی طرح برتاؤ کیے جانے سے پریشان آگئی ہیں۔

پاکستان کے خلاف اکثرسوشل میڈیا پر زہر اگلنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت اپنے ہی ملک کے لوگوں کے رویوں سے پریشان آگئیں۔ کنگنا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اور اس کے سی ای او جیک ڈورسے کی جانب سے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے اپنی ذہنی کیفیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا جب لوگوں کے پاس آپ کے سوالوں کا جواب نہیں ہوتا تو وہ آپ کا گھر توڑ دیتے ہیں، آپ کو جیل میں ڈال دیتے ہیں، آپ کی آواز دبا دیتے ہیں یا پھر آپ کی ڈیجیٹل شناخت کو ہی ختم کردیتے ہیں۔

کسی کی ڈیجیٹل شناخت کو ختم کرنا ورچوئل ورلڈ (تصوراتی دنیا) میں کسی کا قتل کرنے سے کم نہیں۔ اس کے خلاف سخت قانون ہونا چاہیئے۔

ایک اور ٹوئٹ میں کنگنا نے کہا میں اپنے ہی ملک میں غلاموں کی طرح سلوک کیے جانے سے پریشان آگئی ہوں۔ ہم اپنے تہوار نہیں مناسکتے، سچ نہیں بول سکتے، دہشتگردی کی مذمت نہیں کرسکتے۔ اس شرمناک غلامی کی زندگی کا کیا فائدہ ہے جو اندھیروں کے نگہبانوں کے زیر کنٹرول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔