بلغاریہ میں سابق پاکستانی سفیر کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر

سفارتخانے کے سابق سفیر اور اکاؤنٹنٹ نے 2016 سے 2018 تک کرپشن کی، ریفرنس


ویب ڈیسک January 06, 2021
سفارتخانے کے سابق سفیر اور اکاؤنٹنٹ نے 2016 سے 2018 تک کرپشن کی، ریفرنس۔

بلغاریہ میں سابق پاکستانی سفیر اے ایس بابر ہاشمی کے خلاف نیب نے کرپشن ریفرنس دائر کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلغاریہ میں پاکستانی سفارتخانے کے فنڈز میں کروڑوں کے غبن کے انکشاف کے بعد نیب راولپنڈی نے بلغاریہ میں سابق سفیر اے ایس بابر ہاشمی کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا، سفارتخانے کے سابق اکاؤنٹنٹ طفیل قاضی کو بھی کرپشن میں معاونت پر ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ اے ایس بابر ہاشمی اور طفیل قاضی نے 2016 سے 2018 تک کرپشن کی، ملزمان سفارتخانے کے فنڈز ذاتی استعمال میں لاتے رہے، ایمبیسی کے فنڈز نکلوا کر چیف اکاؤنٹنٹ کے پاس کوئی رسید بھی جمع نہ کرائی جاتی۔

نیب کا کہنا ہے کہ نئے اکاؤنٹنٹ کی بلغاریہ میں تعیناتی کے بعد فنڈز میں کرپشن کا انکشاف ہوا، اور بلغاریہ ایمبیسی میں کرپشن کا معاملہ دفتر خارجہ نے خود تحقیقات کے لئے نیب کو بھجوایا تھا۔